ہوانا: کیوبا نے انسانی اسمگلنگ کے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے جس نے اس کے شہریوں کو یوکرین کی جنگ میں روس کی جانب سے لڑنے پر مجبور کیا تھا۔ جب کہ اس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ حکام اس نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق کیوبا کی وزارت خارجہ کے بیان میں کچھ تفصیلات بتائی گئیں، بیان میں نوٹ کیا گیا کہ اسمگلنگ میں ملوث گروہ ماسکو سے ہزاروں میل دور کیریبین جزائر کے ملک اور روس دونوں میں کام کر رہا تھا۔
کیوبا کی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا وزارت داخلہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، یہ گروہ روس سے کام کرتا ہے تاکہ وہاں رہنے والے اور کیوبا میں رہنے والے لوگوں کو یوکرین میں جنگی کارروائیوں میں حصہ لینے والے فوجی دستوں میں شامل کیا جا سکے۔ روس کی وزارت دفاع نے فوری طور پر معاملے پر رد عمل دینے کے لیے رائٹرز کی جانب سے کی گئی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حکام انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کر رہے ہیں۔ روس نے گزشتہ سال اپنی مسلح افواج میں 30 فیصد اضافہ کرتے ہوئے 15 لاکھ جنگی اہلکاروں تک پہنچانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا، یہ بہت بڑا اعلان تھا جب کہ جنگ میں نامعلوم لیکن بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی وجہ سے مشکل تر ہو گیا ہے۔