ETV Bharat / international

عالمی عدالت کا فیصلہ نظرانداز، اسرائیل کی رفح کیمپ پر بمباری، ہلاکتوں کی تعداد 36 ہزار سے تجاوز - Gaza War

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 27, 2024, 6:42 PM IST

عالمی عدالت و انصاف نے دو روز قبل اسرائیل کو غزہ کے رفح میں فوجی کاروائی نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے باوجود اسرائیل نے رفح میں بے گھر فلسطینیوں پر بمباری کردی جس میں مرنے والوں کی تعداد 45 ہوگئی، جس کے ساتھ سات اکتوبر سے جاری جنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 36 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

Israeli attack on Rafah tent camp
اسرائیل کی رفح کیمپ پر بمباری (AP)

غزہ کی پٹی: اسرائیلی میزائلوں نے رفح شہر کے مغرب میں ایک ایسے علاقے میں پناہ گاہ کو نشانہ بنایا جو حملے سے محفوظ سمجھا جاتا تھا۔ غزہ میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رفح میں بے گھر ہونے والوں پر اسرائیلی حملے میں 45 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 23 خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں جب کہ 249 زخمی بھی ہوئے ہیں۔ وزارت نے مزید کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک کم از کم 36,050 فلسطینی جاں بحق اور 81,026 زخمی ہوئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ رفح پر یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب دو روز قبل ہی عالمی عدالت و انصاف نے اسرائیل کو رفح میں اپنی فوجی کاروائی روکنے کا حکم دیا تھا۔ اسرائیل نے عالمی عدالت کا فیصلہ نظرانداز کرتے ہوئے اتوار کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً 8 بجکر 45 منٹ پر پناہ گزیں کیمپ پر کم از کم آٹھ میزائل داغ دیے۔

عالمی عدالت و انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوری طور پر اپنی فوجی کاروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل عدالت کے حکم کی تکمیل کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ رفح میں اسرائیلی کاروائی سے فلسطینی عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ نے رفح میں حماس کے ایک کمپاؤنڈ پر حملہ کیا، جس میں حماس کے اہم جنگجو کام کر رہے تھے اور یہ حملہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیا گیا۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے حملے میں مغربی کنارے کے لیے حماس کے چیف آف اسٹاف کے سینیئر اہلکار کو بھی ہلاک کردیا ہے۔

عالمی عدالت و انصاف کے فیصلے کو نظر انداز کرکے اسرائیل نے یہ ثابت کردیا ہے کہ یہ عالمی عدالت ریاستوں کے درمیان تنازعات کی سماعت کے لیے اقوام متحدہ کا اعلیٰ ترین ادارہ تو ہے اور اس ادارے کے احکامات حتمی بھی ہوتے ہیں لیکن عدالت کے پاس اپنے احکامات کے نفاذ کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں

عالمی عدالت کا اسرائیل کو رفح میں فوری طور پر فوجی کاروائی روکنے کا حکم

اسرائیل نے آئی سی جے کے فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.