ETV Bharat / jammu-and-kashmir
اننت ناگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں عظیم الشان جلوس، ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت
عید میلاد النبیﷺ صرف خوشی منانے کا نام نہیں بلکہ نبی کی مبارک زندگی اور انسانیت کی تعلیمات پر عمل کرنے کا بھی موقع ہے۔
Published : August 26, 2026 at 5:02 PM IST
اننت ناگ، جموں کشمیر (فیاض لولو):عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی مناسبت سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں آج ایک عظیم الشان اور پُرامن جلوسِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔ جلوس ریشی بازار پیشمل سوب میں واقع زیارت گاہ سے برآمد ہوا اور اننت ناگ کے مختلف بازاروں اور اہم راستوں سے گزرتا ہوا لال چوک اننت ناگ میں پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کی قیادت قاضی عمیر اور تحریک صوت الحنہ اولیاء کے فیاض احمد رضوی کر رہے تھے۔ جلوس میں مرد و خواتین، بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ درود و سلام کا ورد کیا اور حضور اکرم ﷺ کی شانِ اقدس میں نعتیہ کلام پیش کرتے ہوئے پُرجوش انداز میں نعرۂ تکبیر اور دیگر اسلامی نعروں سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
عید میلاد النبی ﷺ صرف خوشی منانے کا موقع نہیں
جلوس کے دوران پورا علاقہ درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے گونجتا رہا۔ شرکاء نے حضور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانے، باہمی اخوت و بھائی چارے کو فروغ دینے اور معاشرے میں امن و محبت کا پیغام عام کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر علماء کرام اور مذہبی شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ صرف خوشی منانے کا موقع نہیں بلکہ نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی، اخلاقِ حسنہ، انسانیت سے محبت، صبر، برداشت، عدل اور بھائی چارے کی تعلیمات کو یاد کرنے اور ان پر عمل کرنے کا بھی اہم موقع ہے۔
جموں و کشمیر اور بھارت میں بھائی چارے کے لیے خصوصی دعائیں
انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو سنتِ رسول ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں اور معاشرے میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں جموں و کشمیر میں مکمل امن و امان، خوشحالی، ترقی اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ مقبوضہ و متاثرہ علاقوں سمیت پوری انسانیت کے لیے بھی امن و سلامتی کی دعائیں مانگی گئیں۔
اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے
جلوس سے خطاب کرتے ہوئے قاضی عمیر نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کشمیر میں ہمیشہ امن و امان اور خوشگوار ماحول قائم رہے اور یہاں کے لوگ پُرسکون حالات میں اپنی زندگی بسر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں امن و اتحاد کو مضبوط کرنا چاہیے۔ قاضی عمیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور اپنے اردگرد کے لوگوں کے ساتھ محبت و حسنِ سلوک سے پیش آئیں۔
عید میلاد النبی پر سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کیا جائے
اس موقع پر تحریک صوت الحنہ اولیاء کے فیاض احمد رضوی نے بھی عوام سے اپیل کی کہ عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں کو نہایت عقیدت، سادگی اور خوش اسلوبی کے ساتھ منایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مبارک دن کو فضول خرچی اور غیر ضروری رسومات کے بجائے عبادت، درود و سلام، ذکر و اذکار اور سیرتِ طیبہ کے مطالعے میں گزارنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے اور اگر ہم آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں تو معاشرے میں محبت، امن، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
خوشحالی اور بھائی چارے کے قیام کی خواہش کا اظہار
جلوس کے دوران منتظمین اور رضاکاروں نے شرکاء کی سہولت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ جلوس پُرامن ماحول میں مختلف بازاروں سے گزرا اور بالآخر لال چوک اننت ناگ میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر شرکاء نے عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امن، خوشحالی اور بھائی چارے کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔