ETV Bharat / state

برفباری: کشمیر میں 5 روز بعد فضائی سروس بحال

author img

By

Published : Jan 7, 2021, 9:32 AM IST

کشمیر میں 5 روز بعد فضائی سروس بحال
کشمیر میں 5 روز بعد فضائی سروس بحال

وادی کشمیر میں آج پانچ روز بعد فضائی سروس بحال ہوگئی ہے، تاہم زمینی رابطے بدستور منقطع ہیں۔

وادی کشمیر میں اتوار کی صبح بھاری برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے سے آج پانچویں روز بھی عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آج پانچ دن بعد فضائی سروس بحال ہو گئی ہے، تاہم زمینی رابطے بدستور منقطع ہیں۔

آج پانچویں روز دہلی سے ایک پرواز سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی جس میں سینکڑوں مسافر سوار تھے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی میں کہیں ڈیڑھ سے دو فٹ تو کہیں چار سے پانچ فٹ برف جمع ہو گئی ہے۔ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں چار سے آٹھ فٹ برف جمع ہوئی ہے۔

وادی کے بیشتر علاقوں میں برف باری کا سلسلہ گزشتہ روز سہ پہر کے وقت تھم گیا جس کو دیکھ کر لوگوں نے راحت کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں جمعرات سے 14 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔

اگرچہ تمام اضلاع میں محکمہ آر اینڈ بی، میکنیکل ڈویژن اور میونسپل کمیٹیوں کے اہلکاروں نے اہم سڑکوں سے برف ہٹایا تاہم اندرونی سڑکیں ابھی بھی برف سے ڈھکی ہیں۔ گلی کوچوں سے برف نہیں ہٹائی گئی۔ وادی کے اکثر و بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی کی سپلائی متاثر ہے۔

صوبہ جموں کے میدانی علاقوں بشمول جموں شہر میں گذشتہ تین دنوں کے دوران شدید بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 50 اعشاریہ ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو جنوری کے مہینے میں گذشتہ بیس برسوں میں ہونے والی شدید ترین بارش ہے۔ تاہم وادی کشمیر کی طرح جموں میں بھی بدھ کو بارش کا سلسلہ تھم گیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.