ETV Bharat / state

Peace March in Gaya گیا کے امن مارچ میں ہزاروں افراد کی شرکت

author img

By

Published : Mar 16, 2023, 12:19 PM IST

Updated : Mar 16, 2023, 12:47 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

گیا میں امن کے لیے ہزاروں افراد آج سڑک پر نکلے ہیں۔ اس میں انتظامیہ پولیس اور سول سوسائٹی کے علاوہ اسکولی ومدارس کے طلبہ بھی شامل ہوئے۔ وہیں اس مارچ کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے غبارہ اڑا کر روانہ کیا۔

گیا کے امن مارچ میں ہزاروں افراد کی شرکت

گیا: ریاست بہار کے گیا ضلع میں آج سے دنیا کو امن وشانتی انسانیت ہمدردی بھلائی کا پیغام دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ آج اس کڑی میں پیس ایسوسی ایشن آف انڈیا کے بینر تلے 'امن مارچ ' نکلا گیا، جس میں افسران سے لیکر عام وخاص نے شرکت کی۔ ڈسٹرک مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن نے غبارہ اڑا کر مارچ کو روانہ کیا۔ شہر گیا میں واقع گاندھی چوک سے مارچ نکلا اور شہر کے اہم شاہراہ سے ہوتے ہوئے گاندھی میدان میں واقع گاندھی منڈپ میں پہنچ کر اختتام ہوا۔

اس دوران ہندو مسلم ایکتا کو لیکر کئی نعرے لگے اور نفرتوں کو بھلاکر انسانیت کی خاطر ایک دوسرے کی قربت پر زور دیا گیا۔ ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے کہا امن جہاں ہوگا وہیں تیز رفتار ترقی کی بہار ہوگی، پرسکون اور باہمی بھائی چارے کی جگہ پر انتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی کاموں کو زمینی سطح پر اتارنے میں کسی طرح کی مشکلات کا سامنا نہیں ہوتا اور آسانی کے ساتھ کام ہوتے ہیں جسکی وجہ سے وہ علاقہ منفرد اور ترقی یافتہ ہوتا ہے۔ انتظامیہ اور حکومت اہل ہوتی ہے کہ وہ اپنے ماتحت علاقوں میں قانون وامن برقرار رکھ سکے لیکن جب باشندے امن اور عدم تشدد کو لیکر متحرک ہونگے وہاں مذہبی برادری علاقائی منافرت اور تشدد کبھی برپا نہیں ہوسکتا ہے۔ چونکہ گیا کی تاریخ امن علم اور نجات سے منسلک ہے یہاں وشنو کے چرن پڑے ہیں تو ایک طرف بدھ مذہب کا سب سے بڑا عقیدت کامرکز بھی ہے کیونکہ یہ زمیں مہاتماگوتم کی جائے عرفاں ہے۔

دوسری طرف صوفیائے کرام اور قلندروں کا بھی ضلع گیا مسکن ہے۔ گزشتہ ہفتہ یہاں بیتھو شریف میں حضرت مخدوم درویش اشرف کا عرس اختتام ہوا ہے۔ جس میں لاکھوں عقیدت مند ملک وبیرون ممالک سے پہنچے تھے، مرزا غالب کالج کے سکریٹری اور پیس مہوتسو کے اہم رکن سید شبیع عارفین شمسی نے کہا کہ معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن کے خواہاں خود ہوں جب معاشرہ حساس ہوتا ہے تو انتظامیہ اور حکومت خود ہی متحرک ہوتی ہے۔ انہوں نے اس دوران لوگوں سے اپیل بھی کی اور کہا جس طرح سے ابھی ہولی اور شب برات ایک ساتھ ملکر منایا گیا اور ضلع میں کہیں سے فرقہ ورانہ تنازع کا معاملہ پیش نہیں آیا۔ اسی طرح رمضان المبارک اور رام نومی بھی منانا ہے۔ دونوں فرقے کے لوگوں کو خیال رکھنا ہے کہ کوئی ہمیں آپس میں لڑا نہیں سکے ، معاشرے کے مانند افراد ہمیشہ متحرک ہوں اور اس طرح کی تقریب صحت مند اور باشعور ومتحرک معاشرے کی پہچان ہے۔

واضح رہے کہ گیا میں آج سے چار روزہ پیس مہوتسو منایا جار ہاہے اس موقع پر پرویز عرف کمانڈر نے کہا کہ گیا ضلع کی روایت کی روشنی میں پیس مہوتسو کا انعقاد ہوا ہے اس میں چھ مذاہب کے مذہبی رہنماؤں سمیت اسکالرز سیاسی وسماجی شعبے کی عظیم شخصیات کے علاوہ ملک کے نامور شعرا کی شرکت متوقع ہے کل جمعہ کو' پیس کانفرنس ' ہوگی اور اس کانفرنس کے ذریعے مذہبی پیغامات کہ 'مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا 'کا پیغام دیاجائے گا۔ ایک دوسرے کے مذہب کا احترام کرنے کی نصیحت اور تلقین کی جائے گی۔

Last Updated :Mar 16, 2023, 12:47 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.