ETV Bharat / international

القسام بریگیڈز نے اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنانے کی نئی ویڈیو جاری کر دی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 19, 2023, 9:36 AM IST

ٓAl-Qassam Targeted Israeli Army فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کا نیا ویڈیو جاری کیا ہے۔ دوسری جانب، حماس نے تین برزگ اسرائیلی یرغمالیوں کا ویڈیو جاری کیا ہے، جس میں یرغمالی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

القسام بریگیڈز نے اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنانے کی نئی ویڈیو جاری کر دی
القسام بریگیڈز نے اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنانے کی نئی ویڈیو جاری کر دی

القسام بریگیڈز نے اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنانے کی نئی ویڈیو جاری کر دی

غزہ: غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے بیچ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے ایک تازہ ویڈیو جاری کیا ہے، جس میں ایک جنگجو اسرائیلی ٹینک کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ٹینک کے آس پاس اسرائیلی فوجی بھی موجود ہیں۔ اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے تاہم اس کی فوج کو فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے سخت مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ویڈیو میں القسام بریگیڈز کے جنگجو کئی اسرائیلی ٹینکوں اور گاڑیوں کو انتہائی قریب سے نشانہ بناتے دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو میں صیہونی فوج کو حماس کے راکٹوں سے تباہ ٹینکوں کو کھینچ کر لے جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں ٹینک کے پیچھے چھپے کئی اسرائیلی فوجیوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ عمارتوں میں چھپے اسرائیلی فوجیوں کو حماس کے اسنائپر نے نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق زمینی آپریشن میں مزید 5 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد غزہ جنگ میں مرنے والے فوجیوں کی تعداد 127 ہوگئی ہے۔

حماس نے تین برزگ اسرائیلی یرغمالیوں کا ویڈیو جاری کیا

حماس نے بھی تین اسرائیلی یرغمالیوں کا ایک ویڈیو جاری کیا ہے، جس میں یہ بزرگ یرغمالی اپنی رہائی کو ممکن بنانے کی اپیل کررہے ہیں۔ یرغمالیوں کا یہ ویڈیو کب اور کہاں بنایا گیا ہے، اس کی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ اس ویڈیو کے بیک گراونڈ میں ایک ابرانی گیت گایا جارہا ہے۔ واضح طور پر، اس سے وزیر اعظم نتن یاہو اور فوج پر بہت زیادہ دباؤ پڑے گا، خاص طور پر یہ ویڈیو اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں تین اسرائیلی یرغمالیوں کی ہلاکت کے چند دن بعد سامنے آیا ہے، اس واقعہ سے اسرائیلی عوام حکومت سے ناراض ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حماس سے دوبارہ بات چیت شروع کرنے پر زور دے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ: اسرائیلی فوج نے تین یرغمالیوں کو ہلاک کر دیا، تل ابیب میں احتجاج پھوٹ پڑا

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.