ETV Bharat / jammu-and-kashmir

نریندر مودی نے کشمیر کو بہشت بنایا، ایل جی منوج سنہا

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 7, 2024, 3:12 PM IST

نریندر مودی نے کشمیر کو بہشت بنایا، ایل جی منوج سنہا
نریندر مودی نے کشمیر کو بہشت بنایا، ایل جی منوج سنہا

جموں کو کشمیر کو حاصل خصوصی آئینی حیثیت کی تنسیخ کے بعد وزیر اعظم ندیندر مودی نے کشمیر کا پہلا دورہ کیا۔ بخشی اسٹیڈیم میں ریلی سے خطاب سے قبل جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم کے خصوصی ویژن اور یو ٹی کی تعمیر وترقی کے تئیں ان کے ویژن کی ستائش کی۔

سرینگر (جموں و کشمیر): سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں اپنے خطاب کے دوران جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ’’جموں و کشمیر میں دائمی امن و امان‘‘ قائم کرنے کا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی کے سر باندھا۔ منوج سنہا نے کہا: ’’یہ خطہ کبھی علیحدگی پسندی اور عسکریت پسندی کا شکار تھا، جس کی وجہ سے امن و قانون کی صورتحال غیر مستحکم تھی جسے مودی جی کی قیادت نے مستحکم اور پر امن بنا دیا۔‘‘ ایل جی سنہا نے وزیر اعظم کی قیادت میں حاصل کی گئی تبدیلیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا: ’’وہ دن گئے، جب کشمیر کو علیحدگی پسندی، دہشت گردی اور خونریزی کے لیے جانا جاتا تھا۔ یہ پی ایم مودی کی ذاتی کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے کہ اب کشمیر امن کا گڑھ بن گیا ہے، جو صوفیوں اور ریشی منیوں کی سرزمین کے طور پر اس خطے کی میراث کی یاد دلاتا ہے۔‘‘

سنہا نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران رونما ہوئی تبدیلیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: ’’سڑکوں پر کسی معصوم کی زندگی برباد نہیں ہوئی۔ کسی کی آنکھیں چھروں (پیلٹ گَن) سے نہیں چھینیں گئیں۔ سڑکوں پر احتجاج ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کلاک ٹاور (گھنٹہ گھر) لال چوک پر بلند ترنگے کی علامتی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے ’’خونریزی کے خاتمے اور امن کے قیام کی علامت‘‘ قرار دیا۔

بخشی اسٹیڈیم میں خطاب کے دوران ایل جی سنہا نے جم غفیر پر اطمینان کا اظہار کرنے کے علاوہ جگہ کی قلت کی وجہ سے لوگوں کو اسٹیڈیم میں جگہ نہ ملنے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ ایل جی سنہا نے کہا: ’’وادی کے لوگ جس طرح پی ایم مودی کے پروگرام میں شرکت کے لیے یہاں آئے ہیں، یہ اسٹیڈیم پوری طرح سے بھرا ہوا ہے۔ میں ان لوگوں سے معافی مانگنا چاہتا ہوں جنہیں بیٹھنے کی جگہ نہیں مل رہی۔‘‘

مزید پڑھیں: بخشی اسٹیڈیم میں خطاب سے قبل وزیر اعظم نے کیا نمائش کا مشاہدہ

کشمیریوں کی وزیر اعظم نریندر مودی کے تئیں حمایت اور محبت کا اعتراف کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ بخشی اسٹیڈیم کے علاوہ انڈور اسٹیڈیم اور ایس کے آئی سی سی میں بھی خاصی تعداد میں لوگ موجود ہیں اور 10,000 لوگ بڑی اسکرین پر پی ایم مودی کو لائیو دیکھنے اور سننے کے لئے منتظر تھے۔ ’من کی بات‘ کے ذریعے لوگوں کے ساتھ پی ایم مودی کے خصوصی رابطے کی تعریف کرتے ہوئے سنہا نے کشمیر کے ثقافتی خزانوں کے تئیں وزیر اعظم کی تعریف و ستائش کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے لوٹس اسٹیم (ندرو)، پشمینہ اور زعفران کا خصوصی طور تذکرہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سرینگر کے بازاروں کو یورپی طرز پر تبدیل کرنے کے وزیر اعظم کے نظرئے اور جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کے حوالہ سے مودی کے ویژن کی بھی تعریف کی۔

انہوں نے نائٹ لائف اور ملٹی پلیکس سینما گھروں کے نئے تصور پر بھی تبصرہ کیا۔ سنہا نے 2025 تک مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے خطے میں مثبت تبدیلیوں کا سہرا پی ایم مودی کے سر باندھا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.