ETV Bharat / state

مغربی بنگال میں پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے لئے ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان دلچسپ مقابلہ - West Bengal phase 5 voting

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 16, 2024, 2:33 PM IST

Lok Sabha Election 2024 مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات 2024 میں پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے لئے ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔دونوں جماعتیں ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش میں ایک انچ زمین چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہیں

مغربی بنگال میں پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے لئے ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان دلچسپ مقابلہ
مغربی بنگال میں پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے لئے ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان دلچسپ مقابلہ (ani news)

کولکاتا: مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات 2024 کے پانچویں مرحلے میں 42 لوک سبھا حلقوں میں سے 7 پر 20 مئی کو پولنگ ہوگی۔ یہ حلقہ بنیادی طور پر مغربی بنگال کے صنعتی علاقوں میں واقع ہے۔ یہ بنگاؤں (ایس سی)، بیرکپور، ہاوڑہ، شریرام پور، ہگلی اور آرام باغ ہیں۔

پہلے تین مرحلوں میں 18 سیٹوں پر الیکشن ہو چکے ہیں جبکہ باقی 17 سیٹوں پر اگلے دو مرحلوں میں الیکشن ہوں گے۔ بی جے پی کے لیے متوا سماج اہم ہے جنہیں دوسرے ملک میں ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑا۔ بی جے پی نے انہیں سی اے اے کے تحت شہریت فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔

بنگاؤں پارلیمانی حلقہ:

2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بنگاؤں پارلیمانی حلقہ سیاسی جماعتوں کے لیے کئی لحاظ سے بہت اہم ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے گزشتہ روز منگل کو متوا اکثریتی علاقہ بنگاؤں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے متوا برادری کے لوگوں کو سی اے اے کے تحت شہریت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ جب 4 جون کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی، بنگاؤں کے مینڈیٹ کو شاید شہریت ترمیمی قانون کا سیاسی اثر سمجھا جائے گا۔

بنگاؤں سیٹ شیڈولڈ کاسٹ کے امیدواروں کے لیے مخصوص ہے۔ یہ حلقہ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بیشتر حصے پر محیط ہے۔ جہاں 2011 میں کی گئی آخری مردم شماری کے مطابق ایس سی کی آبادی 21.7 فیصد اور ایس ٹی کی آبادی 2.6 فیصد تھی۔ 2011 میں ہندوؤں کی تعداد 73.46 فیصد اور مسلمان 25.82 فیصد تھے، جب کہ باقی میں دیگر شامل تھے۔

بیرکپور پارلیمانی حلقہ:

دوسری طرف بیرک پور میں ارجن سنگھ ریاست کی حکمراں ٹی ایم سی کی طرف سے نظر انداز کیے جانے کے بعد بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ پانچ سال پہلے وہ 2019 کے انتخابات جیتنے کے لیے ٹی ایم سی سے بی جے پی میں شامل ہوئے۔ 2019 میں ارجن سنگھ نے اس وقت کے ٹی ایم سی امیدوار دنیش ترویدی (اب بی جے پی میں) کو 15 ہزار سے کم ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ اس بار ارجن سنگھ کا مقابلہ ٹی ایم سی کے پارتھا بھومک اور سی پی آئی (ایم) کے امیدوار دیبدت گھوش سے ہے۔ بیرکپور شمالی 24پرگنہ ضلع سے کولکاتا کے شمال تک پھیلا ہوا ہے۔ ایک زمانے میں بیرکپور بڑے بڑے کارخانوں کے لیے مشہور تھا جن میں جوٹ اور ٹیکسٹائل ملز، ایشا پور میٹل اور اسٹیل فیکٹری شامل ہیں۔جو اب تاریخ کے اوراق میں دفن ہے۔

ہاوڑہ پارلیمانی حلقہ:

ہاوڑہ لوک سبھا حلقہ اور اس کے سات اسمبلی حلقے ٹی ایم سی کے گڑھ رہے ہیں۔ فٹبالر پرسن بنرجی نے 2013 میں ٹی ایم سی ایم پی امبیکا بنرجی کی موت کے بعد ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ہاوڑہ کا ہاوڑہ پل یا رابندر سیٹو ملک اور دنیا میں مشہور ہے۔ لوگ اس پل کے ذریعہ ہاوڑہ ریلوے اسٹیشن جاتے ہیں۔ ہاوڑہ ایک گنجان آباد علاقہ ہے۔ کسی زمانے میں لوہے کی بہت سی فیکٹریاں تھیں جن میں مختلف ریاستوں کے لوگ کام کرتے تھے۔ انڈسٹری اس وقت سنگین مسائل سے گزر رہی ہے۔

الوبیڑیا پارلیمانی حلقہ:

الوبیڑیا ضلع ہاوڑہ کا ایک اور حلقہ ہے جو برطانوی راج کے دوران اور آزادی کے بعد بھی جوٹ پروسیسنگ کا ایک بڑا مرکز تھا۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس صنعت میں کمی آئی اور اب یہاں کوئی بڑی جوٹ فیکٹری نہیں ہے۔ اس علاقے کے صنعتی پارک میں تقریباً 70 ادارے تعمیر کیے گئے ہیں جو 128.69 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ یونٹس انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ اور فوڈ پروڈکٹس میں بھی ہیں۔ فی الحال کہا جا رہا ہے کہ اس حلقے میں ہندو اور مسلم ووٹروں کی تعداد تقریباً برابر ہے۔

یہ مغربی بنگال کی ان چند لوک سبھا سیٹوں میں سے ایک ہے جہاں ہگلی ضلع کے فرفورا شریف کے عباس صدیقی کی قیادت میں انڈین سیکولر فرنٹ (ISF) الیکشن لڑ رہی ہے۔ بائیں محاذ کی حکومت کے دوران، سی پی آئی (ایم) کے حنان مولا نے یہاں ریکارڈ آٹھ بار کامیابی حاصل کی، لیکن 2009 میں ٹی ایم سی کے سلطان احمد سے ہار گئے۔ ان کی موت کے بعد 2018 میں ضمنی انتخاب ہوا، جس میں ان کی اہلیہ ساجدہ احمد نے جیت کر ممتا بنرجی کی زیر قیادت ٹی ایم سی کے لیے سیٹ برقرار رکھی۔ 2024 کے انتخابات میں سجادہ احمد کا مقابلہ بی جے پی کے ارون ادے پال چودھری اور کانگریس کے اظہر ملک سے ہے۔

سیرام پور لوک سبھا حلقہ

سیرام پور ہوگلی ضلع میں واقع ہے۔ یہ ڈنمارک کی ایک بستی تھی جو 18ویں صدی میں قائم کی گئی تھی۔ یہ کثیر آبادی والا علاقہ ہے۔ یہ ایک صنعتی علاقہ ہے جس میں جوٹ، چاول اور کپاس کی بڑی ملیں ہیں۔اس لوک سبھا سیٹ پر پہلے کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کے درمیان انتخابی معرکہ آرائی ہوئی تھی، لیکن 1998 اور 1999 میں اکبر علی کھوندکر نے ٹی ایم سی کے لیے یہ سیٹ چھین لی، لیکن 2004 میں وہ سی پی آئی (ایم) سے ہار گئے۔ تاہم، ٹی ایم سی لیڈر کلیان بنرجی 2009 سے اس سیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ موجودہ الیکشن میں ان کا مقابلہ بی جے پی کے کبیر شنکر بوس اور سی پی آئی (ایم) کی دپستا دھر سے ہے۔

ہگلی پارلیمانی حلقہ:

ہگلی لوک سبھا حلقہ میں اس انتخاب میں دو بنگلہ فلمی ستاروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ بی جے پی کے لاکٹ چٹرجی کا مقابلہ ٹی ایم سی کی رچنا بنرجی سے ہوگا۔ وہ خواتین کے مقبول ٹی وی شو 'دیدی نمبر 1' کی میزبانی کر تی ہیں ۔ دریں اثنا، کانگریس کی حمایت یافتہ سی پی آئی (ایم) کے تجربہ کار سیاست دان مونودیپ گھوش نے میڈیا کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ انہیں دونوں مشہور شخصیات کے خلاف سخت چیلنج کا سامنا ہے۔

آرام باغ پارلیمانی حلقہ:

2021 کے ریاستی انتخابات میں آرام باغ لوک سبھا حلقہ کی سات اسمبلی سیٹوں میں سے بی جے پی نے چار اور ٹی ایم سی نے تین جیتی ہیں۔ آرام باغ پارلیمانی سیٹ شیڈولڈ کاسٹ (ایس سی) کے امیدواروں کے لیے مخصوص ہے۔ اگرچہ ٹی ایم سی کی اپروپا پودار نے 2014 میں سی پی آئی (ایم) کے شکتی موہن ملک سے سیٹ چھین لی اور 2019 میں اسے برقرار رکھا۔ لیکن ان کے ووٹوں میں نمایاں کمی آئی۔ٹی ایم سی نے میتھالی باغ کو میدان میں اتارا ہے جن کا مقابلہ بی جے پی کے اروپ کانتی ڈگر اور سی پی آئی (ایم) کے امیدوار بپلاب کمار موئترا سے ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.