راجوری (جموں کشمیر):صوبہ جموں کے سرحدی ضلع راجوری میں سیکورٹی اہلکاروں نے جمعرات کو سرچ آپریشن کے دوران ایک وائر لیس، ایک ٹیپ ریکارڈر اور 4 ٹفن آئی ای ڈی باکس کے علاوہ 23 اے کے راؤنڈ بر آمد کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی ایک سرچ پارٹی نے جمعرات کی صبح ضلع کے حیات پور، منجاکوٹ کے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران انہوں نے یہ اشیاء برآمد کیں۔
راجوری پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ صوبہ جموں کے سرحدی علاقوں خاص کر پونچھ اور راجوری میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مستحکم کیا ہے۔ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے سرچ آپریشن لگاتار جاری ہیں جبکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سمیت انٹرنیشنل بارڈر (آئی بی) کے قریب دراندازی کو روکنے کے لیے ہائی ٹیک سیکورٹی کیمراز اور ڈرونز کا بھی استعمال عمل میں لایا گیا ہے۔