ETV Bharat / state

Two Albadr militant associates arrested: پولیس نے کیا سرینگر میں دو عسکریت پسند معاونین کو گرفتار

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 2, 2023, 7:46 PM IST

a
a

وادی کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دنوں ہوئے سیکورٹی اہلکاروں پر عسکری حملوں کے بعد جموں کشمیر پولیس نے عسکری مخالف سرگرمیوں میں تیزی لائی ہے۔

سرینگر: جموں وکشمیر پولیس نے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے رہنے والے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزم ہے کہ وہ عسکریت پسند تنظیم البدر کے معاونین ہیں۔ پولیس نے ان ملزمین کی تحویل سے گولہ بارود ضبط کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔ سرینگر پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ان افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ ان کی شناخت یاور رشید ولد عبد الرشید ڈار اور باسط نبی بٹ ساکنان صدر کوٹ بالا، حاجن، بانڈی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس ترجمان نے آج ایک بیان میں کہا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز نے سرینگر کے مضافاتی علاقہ شالہ ٹینگ، بنڈ کے نزدیک ان دونوں عسکری معاونین کی گرفتاری عمل میں لائی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دونوں افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے اور جب پولیس نے ان کو روکا اور انکی تلاشی لی تو ان کی تحویل سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے ایک پستول، دو میگزین، 28گولیاں، گرینیڈ اور دیگر قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا ہے جس کو پولیس نے ضبط کر کیا ہے۔ یہ بات غور طلب ہے کہ وادی میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے گزشتہ ہفتے سے اپنی کاروائیاں تیز کی ہیں اور درجنوں افراد کو مختلف اضلاع سے حراست میں لیا ہے۔ چونکہ گزشتہ ہفتے کے دوران ایک پولیس اہلکار، ایک غیر مقامی مزدور کو عسکریت پسندوں نے ہلاک کیا ہے، جبکہ ایک پولیس انسپکٹر مسرور احمد وانی پر نزدیک سے گولیاں برسا کر انہیں شدید زخمی کر دیا جس کے بعد سے وہ صورہ ہسپتال میں موت و حیات کی جنگ لڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: Militant Arrested in Pulwama پلوامہ میں عسکریت پسند کا معاون پانچ کلوگرام سے زیادہ آئی ای ڈی کے ساتھ گرفتار

پولیس کی اس کارروائی کا انکشاف آج پیپلز کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر سجاد لون نے بھی کیا۔ سجاد لون نے آج ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے درجنوں افراد کو حراست میں لیا ہے کیونکہ ان کا ماضی میں عسکریت پسندی یا علیحدگی پسندی کے ساتھ رابطہ رہا ہے۔ سجاد لون نے پولیس کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماضی کی غلطی پر آج سزا دینا کس طرح کا انصاف ہے اور اس سے لوگ سرکار سے متنفر ہوں گے اور سرکار سے دوری مزید بڑھے گی۔‘‘

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.