ETV Bharat / state

Mirwaiz on Palestine فلسطین میں اقوام متحدہ کا رول بھی مایوس کن ہے: میر واعظ عمر فاروق

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 12, 2023, 7:03 AM IST

Updated : Oct 12, 2023, 7:10 AM IST

فلسطین اور اسرائیل کے درمیان گذشتہ پانچ روز سے جنگ جاری ہے جس میں دو طرفہ کاروائیوں کے باعث دو ہزار سے زائد افراد ہلاک جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ More than Two thousand people killed in Hamas Israel war

Mirwaiz on Palestine
Mirwaiz on Palestine

سرینگر: کشمیر کی علیحدگی پسند جماعت حریت کانفرنس کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماءکے سربراہ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے فلسطین اسرائیل تنازعہ میں نہتے انسانوں جن میں خواتین، بوڑھے اور بچے شامل ہیں، کی جانوں کے ضیاں پر گہرے فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنازعہ کی جڑیں نوآبادیاتی ماضی میں پیوستہ ہیں اور استعماری آقاؤں نے اپنے حکومتی مفادات کیلئے جو فیصلے لئے ہیں ان کی سزا پوری فلسطینی قوم بھگت رہی ہے۔

سرینگر میں میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں گذشتہ روز میر واعظ نے کہا کہ ''فلسطینی عوام کو شدید ناانصافیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور فلسطین اسرائیل کے تنازع کے نتیجے میں روزانہ عورتیں، بچے اور جوان مارے جارہے ہیں، بمباری کے ذریعہ ان کے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے اور ہر وقت ان کو قابض اسرائیلیوں کے ہاتھوں ذلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حتیٰ کہ ان کی روزی روٹی بھی چھینی جارہی ہے، ان کے لئے ان کی زمین تنگ کی جارہی ہے اور ان لوگوں کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی ہوئی جیل میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے''۔

میر واعظ نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ حکومت اسرائیل نہ تو کسی انسانی اور منصفانہ حل کو قبول کرنے پر آمادہ ہے اور نہ عالمی برادری کے کسی امن منصوبے کو تسلیم کرنے پر آمادہ ہے حتیٰ کہ مسلمانوں اور عیسائیوں کیلئے یکساں احترام کے حامل مسجد اقصیٰ کی بھی آئے روز بے حرمتی کی جارہی ہے۔

میر واعظ نے کہا کہ لاکھوں فلسطینیوں کو بے وطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے اور غزہ اور مغربی کنارے پر آباد فلسطینیوں کو ایک کالونی میں تبدیل کرکے وہاں بیرونی آبادکاروں کو بسایا جارہا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ ہر گزرتی دہائی کے ساتھ ان کی اپنی زمین ان کے لئے تنگ ہوتی جارہی ہے اور اس کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ یہ سب کچھ دیدہ دلیری کے ساتھ کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: یہ جنگ نہیں بلکہ قتل عام ہے، اردوغان کی غزہ میں اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت

میر واعظ نے کہا کہ اس انسانی تنازع کو حل کرانے کے بجائے عالمی برادری اپنے سیاسی اور اقتصادی مفادات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کا رول بھی مایوس کن ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل کو فلسطینی عوام پر مظالم ڈھائے جانے کی کھلی چھوٹ مل رہی ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ جب تک عالمی برادری کی طرف سے اس تنازع کا ازالہ نہیں کیا جاتا اور فلسطینیوں کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا، اس تنازع کے المناک نتائج برآمد ہوتے رہیں گے۔

مزید پڑھیں: حماس کی مذمت لیکن فلسطینیوں کا احترام بھی ضروری: ششی تھرور

میر واعظ نے مزید کہا کہ اس تنازع کا ایک انسانی اور منصفانہ حل ان کی اپنی سرزمین میں لوگوں کے حقوق اور آزادی کے قبول شدہ اصول کی بنیاد پر قائم کیا جانا چاہیے۔ ناانصافی بار بار تصادم اور تشدد کی طرف لے جاتی ہے اور فلسطین میں یہی ہو رہا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیری عوام فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور تنازع کے حل اور اس کی وجہ سے ہونے والے گہرے انسانی مصائب کے خاتمے کی امید رکھتے ہیں۔

Last Updated : Oct 12, 2023, 7:10 AM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.