ETV Bharat / state

کرنی سینا کے سربراہ کا گولی مار کر قتل، لارنس بشنوئی گینگ نے ذمہ داری لی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 5, 2023, 3:14 PM IST

Updated : Dec 5, 2023, 7:32 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے سربراہ سکھدیو سنگھ گوگامیڈی کو منگل کو جے پور میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پوری واردات سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی قید ہوگئی ہے۔ جس میں دو مسلح افراد کو گھر میں گوگامیڈی اور دو دیگر افراد پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ karni sena chief shot dead

کرنی سینا کے سربراہ کا گولی مار کر قتل

جے پور: راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے قومی صدر سکھدیو سنگھ گوگامیڈی کو جے پور میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ شیام نگر علاقہ میں واقع ان کے گھر پر پیش آیا۔ گولی لگنے کے فورا بعد گوگامیڈی کو میٹرو ماس ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاسکے اور ڈاکٹرز نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی شیام نگر پولیس اسٹیشن کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔

اب اس پورے وردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو افراد کو گوگامیڈی اور اس کے محافظ سمیت دو دیگر افراد پر متعدد گولیاں چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ دونوں حملہ آور کمرے میں گوگامیڈی کے قریب بیٹھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہیں کرنی سینا کے صدر کے قتل کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ کے گینگسٹر روہت گودارا نے قبول کی۔ گینگسٹر گولڈی برار اور لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی گودارا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ ان کے لوگوں نے گوگامیڈی کو اس لیے مارا کہ وہ ان کے دشمنوں کی مدد کر رہا تھا۔

شیام نگر پولیس اسٹیشن کے افسر منیش گپتا کے مطابق پولیس جائے وقوعہ اور آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس نے شہر کی ناکہ بندی کرکے مختلف مقامات پر شرپسندوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ فائرنگ کے اس واقعے سے شہر میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ گوگامیڈی کے قتل کی خبر علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی، جس کی وجہ سے گوگامیڈی کے حامی اب ان کے گھر پہنچ رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے دو روز قبل ہی راجستھان میں اسمبلی انتخاب کے نتائج سامنے آئے ہیں اور ابھی وہاں بی جے پی کی نئی حکومت نے حلف بھی نہیں اٹھایا ہے کہ اس سے پہلے ہی یہ واقعہ پیش آگیا۔

یہ بھی پڑھیں

Last Updated :Dec 5, 2023, 7:32 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.