ETV Bharat / state

Digital week 2023: وسطی کشمیر میں ڈیجیٹل ویک2023 کی تقریبات کا آغاز

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 1, 2023, 3:37 PM IST

وسطی کشمیر میں ڈیجیٹل ویک2023 کی تقریبات کا آغاز
وسطی کشمیر میں ڈیجیٹل ویک2023 کی تقریبات کا آغاز

جموں و کشمیر میں 31 اگست سے 6 ستمبر تک ڈیجیٹل ہفتہ کی مناسبت سے تقریبات جاری رہیں گی۔ جس دوران عوام کو آئن لائن خدمات حاصل کرنے کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

وسطی کشمیر میں ڈیجیٹل ویک2023 کی تقریبات کا آغاز

بڈگام، گاندربل (جموں و کشمیر) : وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں بھی جموں و کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح ڈیجیٹل ہفتہ 2023 کی تقریبات کا جمعرات سے آغاز کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالہ سے آگاہی پروگرامز کے علاوہ لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے آگاہی وینز کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ وین قصبہ جات سمیت دور دراز دیہات میں بھی حکومت کی جانب سے آن لائن خدمات کے باری میں لوگوں کو آگاہی فراہم کریں گی۔

بڈگام میں ڈیجیٹل ویک کی مناست سے تقاریب

ضلع بڈگام کے شیخ العالم ہال میں قائم محکمانہ اسٹالز قائم کرکے عوام نے آن لائن خدمات کے بارے میں مفصل جانکاری حاصل کی۔ اس مناسب سے شیخ العالم ہال میں تقریب بھی منعقد کی گئی۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والی تقاریب میں تقریبا سبھی محکمہ جات کے افسران و ملازمین شرکت کر رہے ہیں اور عوام تک آن لائن خدمات فراہم کرنے اور اس حوالہ سے لوگوں کو مفصل جانکاری فراہم کرنے کے لیے اسٹالز لگائے ہیں۔

شیخ العالم ہال میں ’’ڈیجی‘‘ میلے کا افتتاح ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بڈگام، ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک، نے اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد کے ہمراہ کیا۔ میلے میں ضلع کے تمام سینئر افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی ڈی سی نے کہا کہ ’’ہر سطح پر ڈیجیٹل خواندگی کو بڑھا کر شہریوں کو بااختیار بنانا اور حکومت کے مختلف آئی ٹی اقدامات کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا ہی اس ہفتہ کے منانے کا اصل مقصد ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ہفتہ عوام کی بھلائی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت بڑھانے کے لیے منایا جا رہا ہے۔‘‘ اے ڈی سی بڈگام نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر حکومت نے 1016 آن لائن خدمات کی فراہمی میں سبقت حاصل کی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’’تمام افسران دیگر خدمات کے علاوہ آدھار کارڈ اور ہیلتھ کارڈ کے اندراج کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو تیز کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضلع بھر میں استفادہ کنندگان کو بغیر کسی پریشانی کے آن لائن خدمات فراہم ہوں۔‘‘ اے ڈی ڈی سی نے شیخ العالم ہال میں نصب کیے گئے اسٹالز کا معائنہ بھی کیا اور اس موقع پر سروس پرووائیڈرز اور مستحقین سے بات چیت بھی کی۔

ضلع گاندربل میں ڈیجیٹل ہفتہ کی تقاریب

گاندربل ضلع میں بھی ڈیجیٹل ہفتہ کی تقریب کا رسمی طور افتتاح کیا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ گاندربل نے منی سیکریٹریٹ کے صحن میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن گاندربل، نزہت اشفاق نے کی۔ صدر میونسپل کونسل گاندربل الطاف احمد، پی آر آئی ممبران کے علاوہ اے ڈی ڈی سی گاندربل مشتاق احمد سمنانی سمیت دیگر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی گاندربل، معراج الدین شاہ، سی پی او اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مختلف محکمہ جات کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے تھے جن کا مقصد حکومت کی جانب سے شروع کی گئی آن لائن خدمات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور لوگوں کو موقع پر ہی آن لائن موڑ سے مختلف خدمات فراہم کرنا تھا۔ محکمہ جات کی جانب سے اسٹالز پر متعلق آن لائن خدمات کی نمائش کرنے والی ہورڈنگز/بینرز چسپاں کیے تھے۔

مزید پڑھیں: پلوامہ میں ڈاکٹر بشارت قیوم نے ڈیجیٹل ویک کا افتتاح کیا

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے کہا کہ ’’عوام کے لیے شفافیت اور آسانی لانے کے مقصد سے حکومت نے آن لائن خدمات شروع کی ہیں اور آن لائن خدمات کی فراہمی کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف محکمہ جات بیداری پروگرامز اور دیگر سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتہ بھر جاری رہنے والے پروگرامز کے دوران ایس ڈی ایم دفاتر، تحصیل ہیڈ کوارٹر، سی ایس سی، میونسپلٹی، اسکولوں میں آگاہی کیمپ بھی لگائے جائیں گے جہاں متعلقہ محکمہ جات آن لائن خدمات فراہم کرنے کے علاوہ لوگوں کو اس حوالہ سے جانکاری بھی دیں گے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.