ETV Bharat / state

ڈوڈہ: میونسپل کونسل کے چیئرمین کے ساتھ مارپیٹ، کارروائی کا مطالبہ

author img

By

Published : Dec 10, 2020, 5:21 PM IST

beating with municipal council chairman, demand for action in doda jammu and kashmir
ڈوڈہ: میونسپل کونسل کے چیئرمین کے ساتھ مارپیٹ، کارروائی کا مطالبہ

جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے حلقہ انتخاب گندنہ میں گذشتہ شب میونسپل کونسل کے چیئرمین وید پرکاش گپتا کے ساتھ مارپیٹ کی گئی۔ جس پر آج نیشنل کانفرنس ڈوڈہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ و پولیس سے قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس یوتھ کے ضلع صدر سید نوید ہاشمی نے بی جے پی کارکنان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں خود کو پیچھے دیکھ کر بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ اب وہ غنڈہ گردی پر آمادہ ہوگئی ہے جس وجہ سے علاقے میں صدیوں پُرانے ہندو مسلم بھائی چارے کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہے۔

ڈوڈہ: میونسپل کونسل کے چیئرمین کے ساتھ مارپیٹ، کارروائی کا مطالبہ

اُنہوں نے بتایا کہ وید پرکاش گپتا میونسپل کونسل کے چیئرمین کے علاوہ ایک سماجی کارکن بھی ہیں اور اُن کا عوام کے ساتھ اچھا تال میل ہے۔ وہ گذشتہ روز حلقہ انتخاب گندنہ کے جودھپور علاقہ میں کچھ انتخابی سامان پارٹی ورکرس کے لیے لیکر گئے تھے۔ اُسی دوران موسم کافی خراب ہوگیا جس وجہ سے سڑک پر گاڑی چلانا خطرے سے خالی نہ تھا۔ اسی لیے اُنہوں نے کچھ وقت وہیں قیام کرنے کا فیصلہ لیا اور شام کو جب بارش تھم گئی تو وہ واپس ڈوڈہ کی طرف چل پڑے۔ لیکن وہاں بی جے پی کے کچھ لوگ اُن کی راہ میں کھڑے ہوگئے اور اُن کے ساتھ گالی گلوچ کرنا شروع کر دیا۔

beating with municipal council chairman, demand for action in doda jammu and kashmir
ڈوڈہ: میونسپل کونسل کے چیئرمین کے ساتھ مارپیٹ، کارروائی کا مطالبہ

ان لوگوں نے وید پرکاش کو گاڑی سے اُتار کر مارنا شروع کر دیا۔ اس درمیان گپتا نے اُن لوگوں سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانے اور اُن پر حملہ آور ہوگئے اور ان کو شدید طور پر مارا پیٹا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی ڈی سی انتخابات: پانچویں مرحلے کی ووٹنگ ختم

ہاشمی نے مزید بتایا کہ میونسپل کونسل کے چیئرمین نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دفاع میں سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کی اجازت نہیں دی۔ جس وجہ سے معاملہ مزید پیچیدہ ہونے سے بچ گیا۔

اِدھر بی جے پی کا کہنا ہے کہ میونسپل کونسل کے چئیرمین کا رات کو علاقہ میں کیا کام تھا۔ نیشنل کانفرنس نے انتظامیہ، پولیس سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ قصورواروں کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ اگر اس عمل میں تھوڑی بھی کوتاہی کی گئی تو وہ سڑکوں پر اُترنے کے لیے مجبور ہو جائیں گے۔

اُنہوں نے انتظامیہ سے انتخابات سے قبل اُن تمام حلقوں میں سخت سیکیورٹی انتظامات کرنے کی مانگ کی ہے جہاں ابھی پولنگ ہونا باقی ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.