ETV Bharat / state

PM addresses at Rozgar Mela روزگار میلہ میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وزیراعظم کا خطاب

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 26, 2023, 6:17 PM IST

وزیراعظم نریندر مودی
وزیراعظم نریندر مودی

نریندر مودی نے کہا کہ آج 21ویں صدی کے ہندوستان کی امنگیں بہت زیادہ ہیں، ہمارے سماج اور حکومت سے توقعات بہت زیادہ ہیں۔ آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ آج یہ نیا ہندوستان کیا کمال کر رہا ہے۔

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلے کو خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ ہمارا ملک آج تاریخی کامیابیوں اور فیصلوں کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی ملک کی آدھی آبادی کو ناری شکتی وندن ادھینیم کی صورت میں بڑی طاقت ملی ہے۔ خواتین کے ریزرویشن کا معاملہ جو گزشتہ 30 برسوں سے زیر التوا تھا، اب دونوں ایوانوں سے ریکارڈ ووٹوں سے منظور ہو گیا ہے۔



سوچئے یہ کتنی بڑی کامیابی ہے۔ ریزرویشن کا یہ مطالبہ اس وقت سے ہو رہا تھا جب آپ میں سے اکثر پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ ملک کی نئی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ ایک طرح سے نئی پارلیمنٹ میں ملک کے نئے مستقبل کا آغاز ہو چکا ہے۔



وزیراعظم نے کہا کہ آج اس روزگار میلے میں بھی ہماری بیٹیوں نے بڑی تعداد میں تقرری نامے حاصل کیے ہیں۔ آج ہندوستان کی بیٹیاں خلا سے لے کر کھیلوں کے میدان تک کئی نئے ریکارڈ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناری شکتی کی اس کامیابی پر بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔ حکومت کی پالیسی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے نئے دروازے کھولنا بھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیٹیاں اب ملک کی مسلح افواج میں کمیشن حاصل کر ملک کی خدمت کی راہ پر گامزن ہیں۔ ہم سب کا تجربہ ہے کہ ناری شکتی نے ہمیشہ ہر شعبے میں نئی ​​توانائی کے ساتھ تبدیلیاں لائی ہیں۔ ہماری آدھی آبادی کے لیے حکومت کی بہتر حکمرانی، اس کے لئے آپ کو نئے آئیڈیاز پر کام کرنا چاہیے۔



نریندر مودی نے کہا کہ آج 21ویں صدی کے ہندوستان کی امنگیں بہت زیادہ ہیں، ہمارے سماج اور حکومت سے توقعات بہت زیادہ ہیں۔ آپ خود دیکھ سکتے ہیں کہ آج یہ نیا ہندوستان کیا کمال کر رہا ہے۔ یہ وہی ہندوستان ہے جس نے چند دن پہلے چاند پر ترنگا لہرایا۔ اس نئے ہندوستان کے خواب بہت بلند ہیں۔ ملک نے سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بننے کا عزم کیا ہے۔

ہم اگلے چند برسوں میں تیسری بڑی معیشت بننے جا رہے ہیں۔ آج جب ملک میں اتنا کچھ ہو رہا ہے تو ہر سرکاری ملازم کا رول بہت بڑھنے والا ہے۔ آپ کو ہمیشہ سٹیزن فرسٹ کے جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ آپ اس نسل کا حصہ ہیں جو ٹیکنالوجی کے ساتھ پروان چڑھی ہے۔ جدیدترین ٹکنالوجی کی جو چیزیں آپ کے والدین مشکل سے آپریٹ کرپاتے تھے ، آپ نے کھلونے کی طرح ان کا استعمال کیا ہے۔



اب آپ کو اپنے کام کی جگہ پر ٹیکنالوجی کے ساتھ اس سہولت کو استعمال کرنا ہوگا۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم ٹیکنالوجی کی مدد سے گورننس میں نئی ​​بہتری کیسے لا سکتے ہیں؟ آپ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ آپ ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے متعلقہ شعبوں میں اپنی کارکردگی کو مزید کیسے بہتر بنا سکتے ہیں؟



ویزراعظم نے کہا کہ آپ نے گزشتہ 9 برسوں میں دیکھا ہے کہ کس طرح تکنیکی تبدیلی کی وجہ سے انظامیہ کا کام کتنا آسان ہو جاتا ہے۔ پہلے بکنگ کاؤنٹر پر ریلوے ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے قطاریں لگتی تھیں۔ ٹیکنالوجی نے اس مشکل کو آسان کر دیا ہے۔ آدھار کارڈ، ڈیجیٹل لاکر اور ای-کے وائی سی نے دستاویزات کی پیچیدگی کو ختم کر دیا ہے۔ گیس سلنڈر کی بکنگ سے لے کر بجلی کے بلوں کی ادائیگی تک سب کچھ اب ایپ پر ہو رہا ہے۔ ڈی بی ٹی کے ذریعے سرکاری اسکیموں کا پیسہ براہ راست لوگوں کے کھاتوں میں پہنچ رہا ہے۔ ڈیجیٹل یاترا نے ہمارے سفر کو آسان بنا دیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹیکنالوجی نے بدعنوانی کو کم کیا ہے، ساکھ میں اضافہ کیا ہے، پیچیدگی کو کم کیا ہے اورآسانی میں اضافہ کیا ہے۔ آپ کو اس سمت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا ہوگا۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے غریبوں کی ہر ضرورت، حکومت کا ہر کام کیسے آسان ہو جائے گا، اس کام کے لیے آپ کو نئے طریقے، اختراعی طریقے ڈھونڈنے ہوں گے، اور آگے بھی لے کر جانا ہوگا۔



نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں ہماری پالیسیوں نے اس سے بھی بڑے اہداف کے حصول کی راہ ہموار کی ہے۔ ہماری پالیسیاں نئی ذہنیت ، مستقل نگرانی، مشن موڈ پر عمل درآمد اور بڑے پیمانے پر شرکت پر مبنی ہیں۔ 9 برسوں میں حکومت نے مشن موڈ پر پالیسیاں نافذ کی ہیں۔ چاہے سوچھ بھارت ہو یا جل جیون مشن، ان تمام اسکیموں میں 100 فیصد تکمیل کے ہدف پر کام کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے ہر سطح پر اسکیموں کی نگرانی کی جارہی ہے۔



وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ خود بھی پرگتی پلیٹ فارم کے ذریعے پروجیکٹوں کی پیش رفت پر نظر رکھتے ہیں۔ ان کوششوں کے درمیان مرکزی حکومت کی اسکیموں کو نافذ کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری آپ سبھی نو مقرر کردہ سرکاری ملازمین پر عائد ہوتی ہے۔ جب آپ جیسے لاکھوں نوجوان سرکاری خدمات میں شامل ہوتے ہیں تو پالیسیوں کے نفاذ کی رفتار اور پیمانے بھی بڑھ جاتے ہیں۔ اس سے حکومت کے باہر بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ کام کرنے کے نئے انتظامات بھی بنتے ہیں۔


نریندر مودی نے کہا کہ آج عالمی معیشتوں میں مشکلات کے درمیان ہندوستان کی جی ڈی پی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہماری پیداوار اور برآمدات دونوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ آج ملک اپنے جدید انفراسٹرکچر پر جتنی سرمایہ کاری کر رہا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں کی گئی۔ آج ملک میں نئے نئے شعبے کی توسیع ہورہی ہے۔ آج قابل تجدید توانائی، نامیاتی کاشتکاری، دفاع اور سیاحت سمیت کئی شعبوں میں بے مثال ترقی میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔



انہوں نے کہا کہ موبائل فون سے لے کر ہوائی جہاز تک، کورونا ویکسین سے لے کر فائٹر جیٹس تک، ہندوستان کی خود انحصاری مہم کی طاقت سب کے سامنے ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سال 2025 تک صرف ہندوستان کی خلائی معیشت 60 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہو جائے گی۔ یعنی آج ملک کے نوجوانوں کے لیے مسلسل نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، روزگار کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔



وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کے امرت کال میں آئندہ 25 سال اتنے ہی اہم ہیں جتنے اگلے 25 سال میں آپ کا کیرئر اہم ہے۔ آپ کو ٹیم ورک کو اولین ترجیح دینی ہوگی۔ آپ نے دیکھا، اس مہینے اس ملک میں جی 20 اجلاسوں کا کامیاب انعقاد مکمل ہو ا ہے۔ دہلی سمیت ملک کے 60 شہروں میں 200 سے زیادہ میٹنگیں منعقد کی گئیں۔ اس دوران غیر ملکی مہمانوں نے ہمارے ملک کے تنوع کے رنگ دیکھے۔ جی20 ہماری روایت، عزم اور مہمان نوازی کا حصہ بنا ۔ جی 20 سربراہی اجلاس کی کامیابی بھی سرکاری اور نجی شعبے کے مختلف شعبوں کی کامیابی ہے۔ اس تقریب کے لیے سب نے ایک ٹیم کے طور پر کام کیا۔ مودی نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ آج آپ بھی سرکاری ملازمین کی ٹیم انڈیا کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔



وزیراعظم نے مزید کہا کہ آپ سب کو ملک کی ترقی کے سفر میں حکومت کے ساتھ براہ راست کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ میں اس کے ساتھ ہی انہوں نے تقررکردہ نئے ملازمین کو ان کے اس سفر میں سیکھنے کی اپنی عادت کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ آن لائن لرننگ پورٹل – آئی گوٹ کرم یوگی کے ذریعے آپ اپنی پسند کے کورسز سے جڑ سکتے ہیں۔

یو این آئی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.