ETV Bharat / state

کانگریس کی چار ریاستوں کے حوالے سے اسٹریٹجک میٹنگ

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 26, 2023, 8:52 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

لوک سبھا انتخابات 2024 کے پیش نظر کانگریس کی مرکزی قیادت نے منگل کو بہار، جموں و کشمیر، لداخ اور پنجاب کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ الگ الگ اسٹریٹجک میٹنگیں کیں جس میں ریاستی تنظیموں کی انتخابی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات 2024 کے پیش نظر کانگریس کی مرکزی قیادت نے منگل کو بہار، جموں و کشمیر، لداخ اور پنجاب کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ الگ الگ اسٹریٹجک میٹنگیں کیں جس میں ریاستی تنظیموں کی انتخابی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ ان چار ریاستوں سے متعلق کانگریس کی یہ اہم اسٹریٹجک میٹنگیں یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئیں جس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، متعلقہ ریاستوں کے انچارج جنرل سکریٹریوں کے ساتھ ساتھ ہی پارٹی کے اہم لیڈران نے شرکت کی۔

اس موقع پر کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ انڈیا اتحاد مضبوط ہو رہا ہے لیکن ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کیسے لڑیں اور پارٹی کی حکمت عملی کیا ہونی چاہیے۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج جموں و کشمیر بھرت سنگھ سولنکی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ کانگریس سربراہ نے آرٹیکل 370 کی منسوخی پر پارٹی کے نظریہ کو مضبوط کرنے پر زور دیا جس کے ذریعہ سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق کانگریس ہائی کمان پارٹی کی 138ویں سالگرہ کے موقع پر ناگپور میں منعقد ہونے والی اہم کانفرنس سے پہلے ریاستوں کے اعلیٰ لیڈروں کے ساتھ کچھ عرصے سے مسلسل میٹنگیں کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں آج چار ریاستوں بہار، پنجاب، جموں کشمیر اور لداخ کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگیں ہوئیں اور بدھ کو آندھرا پردیش و ہماچل پردیش کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کا پروگرام ہے۔ پارٹی قیادت عام انتخابات کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے مختلف ریاستوں کے رہنماؤں سے الگ الگ میٹنگیں کر رہی ہے۔ ان میٹنگوں کے ذریعے ریاستوں میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ان ریاستوں میں عام انتخابات کے لیے پارٹی کو مؤثر طریقے سے تیار کرنا ہے۔


بہار کے لیڈروں کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا، ''لوک سبھا انتخابات سے متعلق بہار پردیش کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ تیاریوں کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت توقع کے مطابق بہار کے لوگوں کے لیے مضبوطی سے کام کر رہی ہے۔ ہم سماجی انصاف کے لیے پرعزم ہیں۔ بہار کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے کانگریس کا ہر کارکن پوری محنت کے ساتھ عوام تک پہنچنے اور بہار کے لوگوں کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دسمبر 30 اور 31 کو کانگریس پارٹی انڈیا اتحاد کے بلیو پرنٹ پر تبادلۂ خیال کرے گی


میٹنگ کے بعد بہار کانگریس کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے لیے 29 دسمبر کو اتحادی جماعتوں کے ساتھ کانگریس کو مربوط کرنے کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوگی جس میں سیٹوں کی تقسیم پرتبادلہ خیال کیاجائے گا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.