ETV Bharat / bharat

رائے بریلی میں راہل گاندھی کی داڑھی بنانے والے حجام سے خصوصی گفتگو، حجام کو کتنے روپئے ملے؟ - Rahul Gandhi in Barber Shop

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 16, 2024, 8:42 PM IST

راہل گاندھی لوک سبھا انتخابات 2024 میں رائے بریلی سے کانگریس کے امیدوار ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے رائے بریلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا اور عوامی رابطہ کرتے وقت ایک سیلون میں اپنی داڑھی اور بال بھی بنوائے۔ اس سیلون پر داڑھی بنوانے کے بیس روپئے اور بال بنوانے کے تیس روپئے مختص ہیں لیکن راہل نے اس حجام کو کتنے روپئے دیے۔

رائے بریلی میں راہل گاندھی داڑھی بنواتے ہوئے
رائے بریلی میں راہل گاندھی داڑھی بنواتے ہوئے (Etv Bharat)

رائے بریلی میں راہل گاندھی کی داڑھی بنانے والے حجام سے خصوصی گفتگو (ای ٹی وی بھارت)

رائے بریلی: لوک سبھا انتخابات 2024 میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دو جگہ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ ایک تو وہ کیرلا کے وایناڈ سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور دوسرا اترپردیش کے رائے بریلی سیٹ سے بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وایناڈ سیٹ کے لیے ووٹنگ ہوچکی ہے جبکہ رائے بریلی سیٹ پر ووٹنگ ہونی ابھی باقی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے رائے بریلی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا اور اس کے بعد عوام سے ڈور ٹو ڈور رابطہ بھی کیا، اسی دوران راہل گاندھی ایک سیلون میں داخل ہوکر اپنی داڑھی اور بال سیٹ کرواتے ہیں۔ رائے بریلی کے لال گنج میں واقع نیو مُمبا دیوی ہیئر کٹنگ سیلون کے ملازم متھن نے راہل گاندھی کی داڑھی کاٹی اور تقریباً 3 منٹ تک بات چیت بھی کی۔

28 سالہ متھن نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ جیسے ہی راہل گاندھی ان کے سیلون میں داخل ہوئے تو وہ ڈر گئے، پھر راہل نے ہم سے پوچھا کہ کیا آپ میری داڑھی بنا دو گے؟ میں نے گھبرا کر ہاں میں سر ہلایا۔

متھن نے آگے بتایا کہ شیو کرتے وقت راہل گاندھی نے ان سے ان کے اور ان کے خاندان کے بارے میں دریافت کیا۔ متھن نے یہ بھی بتایا کہ راہل گاندھی نے ان سے رائے بریلی اور ممبئی میں کام کے فرق کے بارے میں پوچھا۔

راہل گاندھی نے جب متھن سے بال کٹنگ کے فیشن کے بارے میں پوچھا تو متھن بتایا کہ ہم صرف داڑھی اور بال کاٹتے ہیں۔ لوگ ہیرو، کرکٹرز اور دیگر مشہور شخصیات کی کٹنگ کو دیکھ وایسی ہی کٹنگ کا مطالبہ کرتے ہیں۔

متھن نے اگنیور اسکیم کے حوالے سے راہل گاندھی سے سوالات بھی پوچھے، انہوں نے کہا کہ نوجوان اس اسکیم میں صرف 4 سال کی بھرتی سے ناخوش ہیں، جس پر راہل گاندھی نے کہا کہ ہماری حکومت آنے پر ہم اس اسکیم کو ختم کردیں گے۔

راہل گاندھی نے اپنی داڑھی اور بال کٹنگ کے 500 روپے دیے، متھن نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ان کے سیلون میں شیو کرنے کا ریٹ 20 روپے اور بال کاٹنے کا 30 روپے ہے، لیکن راہل گاندھی نے میرے کام سے خوش ہو کر مجھے 500 روپے دیئے۔

متھن نے مزید بتایا کہ راہل گاندھی کے جانے کے بعد ان کی دکانداری میں اضافہ ہوا ہے۔ دور دراز شہروں سے بھی لوگ ان سے ملنے آتے ہیں اور اس کرسی کے بارے میں بھی پوچھتے ہیں جس پر راہل گاندھی نے بیٹھ کر داڑھی اور بال کٹوائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں

یہ میری گارینٹی ہے اس بار نریندرمودی بھارت کے وزیراعظم نہیں بنیں گے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے رائے بریلی سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.