ETV Bharat / bharat

یہ میری گارینٹی ہے اس بار نریندرمودی بھارت کے وزیراعظم نہیں بنیں گے: راہل گاندھی - Lok Sabha Election 2024

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : May 10, 2024, 5:21 PM IST

Updated : May 10, 2024, 6:27 PM IST

انڈیا اتحاد کے زیر اہتمام یوپی کے قنوج میں منعقدہ میگا ریلی میں راہل گاندھی، سنجے سنگھ اور اکھلیش یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ یہ لوگ جھوٹ بولتے ہیں اس لیے اس بار ان کی حکومت گرنا یقینی ہے۔ قنوج لوک سبھا سیٹ سے ایس پی کے سربراہ اکھلیش یادو میدان میں ہیں۔

راہل گاندھی اور اکھلیش یادو
راہل گاندھی اور اکھلیش یادو (Etv Bharat)

اکھلیش یادو کی حمایت میں انڈیا الائنس کی قنوج میں میگا ریلی (کانگریس ایکس)

قنوج: لوک سبھا انتخابات 2024 کے تین مرحلے گذر چکے ہیں اور چوتھے مرحلے کی ووٹنگ 13 مئی کو ہونی ہے۔ اسی دن یولی کے قنوج لوک سبھا سیٹ پر بھی ووٹنگ ہونی ہے، جہاں سے اکھلیش یادو میدان میں ہیں۔

اسی ضمن میں آج ایس پی صدر اکھلیش یادو کے سپورٹ میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ قنوج کے بورڈنگ گراؤنڈ میں منعقد انڈیا الائنس کی مشترکہ ریلی سے خطاب کرنے پہنچے۔

راہل گاندھی، سنجے سنگھ اور اکھلیش یادو نے جلسہ عام میں بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ یہ لوگ جھوٹ بولتے ہیں، اس لیے اس بار ان کی حکومت گرنا یقینی ہے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ اگر مودی دوبارہ وزیر اعظم بنے تو وہ آئین کو ختم کر دیں گے لیکن ہم کسی کو آئین کو ہاتھ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم صرف 2 لوگوں کے لیے کام کر رہے ہیں اور انہوں نے 10 سال میں پہلی بار کسی بھی پلیٹ فارم سے اڈانی اور امبانی کا نام لیا ہے۔

راہل نے کہا کہ ہماری حکومت کسی ایک کے لیے خاص نہیں بلکہ پوری عوام کے لیے کام کرے گی۔ ہر خاتون کو ماہانہ 8000 روپے بھیجے جائیں گے۔ لوک سبھا انتخابات میں صرف انڈیا اتحاد ہی جیتے گا اور اس بار انتخابات میں سب سے بڑی شکست کا ریکارڈ بی جے پی کے نام درج ہوگا۔

راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ میڈیا کا ریموٹ پی ایم مودی کے ہاتھ میں ہے۔ پی ایم نے آج تک کبھی اڈانی اور امبانی کا نام نہیں لیا۔اب جب انہیں لگا کہ ان کا سیاسی میدان پھسل رہا ہے تو انھوں نے ان کا نام لینا شروع کر دیا ہے۔ مودی اور شاہ لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹ بول رہے ہیں لیکن لوگ اب گمراہ نہیں ہوں گے۔

وہیں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ راہل نے محبت کا سفر شروع کیا ہے اور آج وہ ہمارے لیے عوام سے خطاب کر رہے ہیں، اس الیکشن میں لوگوں نے بی جے پی کا سارا کھیل بگاڑ دیا ہے۔ قنوج کے یہ لوگ اس بار نہ صرف ہمیں جیتانے والے ہیں بلکہ ملک کی بڑی جیتوں میں قنوج کا نام بھی شامل کرنے والے ہیں۔

اکھلیش نے کہا کہ میں نے اپنا پہلا الیکشن بھی قنوج سے لڑا تھا۔ قنوج کو ترقی کی بلندیوں پر لے جانے کا کام کیا گیا ہے، قنوج میں جتنے بھی بڑے کام نظر آرہے ہیں وہ سماج وادی حکومت کے تحت ہوئے ہیں۔ جو لوگ ہائی وے پر چلتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ ہائی وے سماجوادیوں نے بنوائے تھے۔

اکھلیش نے پی ایم مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جھوٹے ہیں اور یہ لوگ ہمارے اور آپ کے آئین کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ ہم قنوج کے لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ترقی کی خوشبو کو بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔ اب بی جے پی کو شکست دینے کے لیے چار مرحلے باقی ہیں اور یہ چوتھے مرحلے کا الیکشن بالکل درمیان میں ہے۔ اب تک تین مرحلوں میں وہ بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن جو بھی بابا صاحب کے آئین کو تباہ کرے گا ہم اس کی ضمانت ضبط کر دیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے لوگ پسماندہ لوگوں سے اتنی نفرت کرتے ہیں اور ان کی اتنی توہین کرتے ہیں کہ انہوں نے 5 سال تک وزیر اعلیٰ کے گھر کو گنگا کے پانی سے دھویا اور جب اکھلیش جی قنوج میں مندر گئے تو انہوں نے اسے بھی دھویا۔

واضح رہے کہ انڈیا الائنس کے معاہدے تحت اترپردیش کی 80 لوک سبھا نشستوں میں سے 17 نشستوں پر کانگریس پارٹی کے امیدوار انتخابی میدان میں ہوں گے، جبکہ 63 نشستوں پر سماجوادی پارٹی اور اس کے اتحادی جماعتوں کے امیدوار میدان ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سال 2024 میں عوام من کی بات نہیں آئین کی بات سننا چاہتے ہیں: اکھلیش یادو

Last Updated :May 10, 2024, 6:27 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.