ETV Bharat / state

Bihar Caste Bases Census : کلال برادری کو مسلم زمرے میں شامل کرنے کا امارت شریعہ کا مطالبہ

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 11, 2023, 6:08 PM IST

a
a

امارت شریعہ نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے کلال برادری کو مسلم زمرے میں شامل کرنےکی مانگ کی ہے۔ اسکے لیے امارت شریعہ کے ناظم شبلی قاسمی نے وزیر اعلیٰ کو خط کے ذریعے مسلمانوں کے درمیان پیدا ہوئی ناراضگی سے واقف کرایا ہے۔ ذات کی بنا پر ہوئی گنتی کی رپورٹ میں کلال برادری کو ہندو برادریوں کے زمرے میں شمار کیا گیا ہے۔

گیا (بہار) : ریاست بہار میں ذات پر مبنی گنتی کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد مسلم آبادی کی کلال برادری کا احتجاج جاری ہے۔ کلال برادری کو ہندو برادری کے بنیا، مودی سمیت قریب 20 برادریوں میں شمار کیا گیا ہے اور کلال برادری کو مسلم زمرے میں رکھنے کے بجائے ہندو زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ اس بات کو لے کر کلال برادری کی طرف سے مسلسل احتجاج کیا جا رہا ہے اور مانگ کی جا رہی ہے کہ کلال برادری کی الگ سے گنتی رپورٹ جاری کرنے کے ساتھ انہیں مسلم زمرے میں رکھا جائے۔

کلال برادری کے ساتھ نا انصافی کا حوالہ دے کر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی حکومت کی تنقید کی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کلال برادری کو مسلم زمرے میں شامل کیا جائے۔ اب اس معاملے پر بہار، جھارکھنڈ، اڑیسہ کی سب سے بڑی مسلم تنظیم ’’امارت شریعہ‘‘ نے بھی ناراضگی ظاہر کی ہے اور امارت شریعہ کی جانب سے بہار حکومت کے اعلی حکام خاص کر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھ کر شکایت درج کرائی گئی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ’’چونکہ کلال برادری کو مسلم زمرے میں شامل نہ کرکے ہندو آبادی کے ساتھ گنتی کردی گئی ہے اور مذہب کے زمرہ ’اسلام‘ کے بجائے ’ہندو‘ میں گردانا گیا ہے تو اس کو درست کرکے ہیجانی کیفیت کو دور کیا جائے۔‘‘

کلال برادری کو مسلم زمرے میں شامل کرنے کا امارت شریعہ کا مطالبہ
کلال برادری کو مسلم زمرے میں شامل کرنے کا امارت شریعہ کا مطالبہ

کلال، عراقی برادری کے اس معاملے پر احتجاج کی قیادت کرنے والے نوجوان رہنماء و گیا کے وارڈکونسلر نیئر احمد نے بات کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ’’اس معاملے پر ای ٹی وی بھارت اردو نے اہتمام کے ساتھ خبریں شائع کی ہیں جسکے اثر میں مسلم سماجی تنظیموں اور رہنماؤوں نے برادری کی آواز اور مطالبے کی حمایت کی ہے۔ امارت شریعہ نے بھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو حالات اور کیفیت سے ااگاہ کیا ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ امارت شریعہ کے ناظم شبلی قاسمی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امارت شریعہ کو مختلف ذرائع اور سوشل میڈیا کے توسط سے یہ اطلاع مل رہی ہے کہ بہار میں ذات کی بنا پر ہوئی گنتی کی رپورٹ میں مسلم کلال عراقی برادری کے لوگوں کی آزادانہ طور پر شُماری نہیں کی گئی ہے جس کے نتیجے میں مسلم کلال برادری کا گنتی میں کوئی اعداد وشمار نہیں ہے۔ کئی سماجی کار کنان نے امارت شریعہ میں آکر اس معاملے کو نوٹس میں لایا ہے اور یہ توقع ظاہر کی ہے کہ امارت شریعہ حکومت سے مطالبہ کرے گا کہ مسلم کلال برادری کی الگ سے گنتی رپورٹ جاری کرنے کے ساتھ انہیں مسلم زمرے میں کیا جائے گا۔

امارت شریعہ نے یہ بھی کہا ہے کہ پہلے بھی کئی سماجی رہنماؤں نے اس حوالے سے مختلف محکموں کو خط تحریری طور شکایت درج کرائی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ کلال برادری کا الگ سے کوڈ جاری کیا جائے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اب عالم یہ ہے کہ کلال برادری اگر اپنی برادری کی حیثیت جاننا چاہتی ہے تو دیے گئے کوڈ سے انکی برادری کی جگہ بنیا برادری آتی ہے۔ رپورٹ میں بنیا ہی دکھایا جاتاہے، اگر بنیا میں رکھا بھی گیا تھا تو انکے مذہبی زمرے کو تبدیل نہیں کرنا چاہیے تھا۔

مزید پڑھیں: Caste Census Controversy کلال برادری نے گنتی رپورٹ پر اٹھایا سوال

واضح رہے کہ بہار میں دو مرحلوں میں ذات پر مبنی گنتی ہوئی تھی جسکی رپورٹ 2 اکتوبر 2023 کو جاری کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق بہار کی کل آبادی میں مسلم آبادی 17.7 فیصد بتائی گئی ہے۔ مسلم آبادی کی سبھی برادریوں کی گنتی رپورٹ الگ سے جاری ہوئی ہے تاہم کلال کو بنیا میں زمرے میں شمار کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے بعد سے ہی کلال کے ساتھ ساتھ دیگر مسلم برادریوں نے ناراضگی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ مسلم فیصد کو کم دکھانے کے لیے ایسا کیا گیا کہ کلال کو بنیا ہندو میں شامل کردیا گیا۔ معاملہ سیاسی، سماجی اور مذہبی طور پر طول پکڑنے لگا ہے۔ امارت شریعہ کی بھی اس معاملے میں مداخلت ہو چکی ہے اور امارت کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.