ETV Bharat / state

ماگم، کوکرناگ میں پانی کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 22, 2023, 9:41 PM IST

قدرتی آبی ذخائر بشمول دریاؤں، ندی نالوں اور چشموں سے مالا مال وادی کشمیر کے متعدد مقامات پر لوگ پینے کا صاف پانی کے حوالہ سے پریشان ہیں۔

ماگم، کوکرناگ میں پانی کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان
ماگم، کوکرناگ میں پانی کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان

ماگم، کوکرناگ میں پانی کی عدم دستیابی سے لوگ پریشان

اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ماگم، کوکرناگ کے لوگ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث گزشتہ کئی دہائیوں سے پریشان ہیں، مقامی لوگوں کے مطابق انہیں روزانہ کئی کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے پینے کا صاف پانی حاصل کرنا پڑتا ہے، جبکہ خراب موسم کے دوران لوگ برف کو پگھلا کر اپنی پیاس بجھانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

ماگم علاقے سے منسلک شیخ پورہ، چوپان پورا اور پہلی پورہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب حکومت تعمیر وترقی کے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہے کہ ’’ہم لوگوں کو سہولیات پہنچانے کی غرض سے پر عزم ہیں وہی دوسری جانب ماگم سنبراری جیسے دور دراز علاقوں میں حکومت کے وہ دعوے سراب ثابت ہو رہے ہیں۔‘‘ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک پہاڑی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں پینے کے صاف پانی کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے سے دو کلومیٹر کی دوری پر واقع ایک چشمہ موجود ہے جہاں سے علاقے کے لوگ پانی کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ برفباری کے موسم میں وہ برف کو پگھلا کر اپنی پیاس بجھاتے ہیں۔ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ’’آج تک علاقے میں کئی سیاسی رہنما آئے اور لوگوں سے الیکشن کے وقت کئی وعدے کئے، تاہم اقتدار میں آنے کے بعد اُن سیاسی رہنماؤں کے وعدے بس وعدوں تک ہی محدود رہے، سیاسی رہنما اُن وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں تاحال ناکام رہے۔‘‘

مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے یہ مسئلہ کئی بار محکمہ جل شکتی کی نوٹس میں لایا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سب ضلع کوکرناگ کے ساتھ ساتھ ضلع ہیڈ کوارٹر اننت ناگ میں بھی گوہار لگائی، کئی بار لوگوں کے وفود بھی افسران سے ملاقی ہوئے، تاہم ہر بار انتظامیہ کی جانب سے انہیں یقین دہانیوں کے علاوہ اور کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: Water scarcity in baramulla: پانی کی عدم دستیابی کے خلاف بارہمولہ میں احتجاج

ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے یہ مسلئہ محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر فیروز احمد کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے کے لئے پہلے ہی محکمہ کی جانب سے ’’جل جیون مشن‘‘ کے تحت ایک اسکیم کو منظوری دی گئی ہے جو وتناڑ علاقے سے شروع کی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسکیم ابھی بھی زیر عمل ہے۔ فیروز احمد نے مزید کہا کہ اسکیم کے تحت جہاں سے پانی حاصل کرنا ہے محکمہ کو ابھی تک (زیر زمین) پانی کا کوئی منبع نہیں ملا ہے، حالانکہ انجنئیر کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر زمین پانی کا سورس ملتے ہی محکمہ دیگر تعمیراتی ڈھانچے کو مکمل کر کے لوگوں کے لئے اس اسکیم کو وقف کرے گا۔ اے ای ای نے نمائندے کو یقین دلایا کہ اگلے دو ماہ کے اندر اندر مذکورہ اسکیم کو مکمل کر کے ماگم اور اس کے ملحقہ علاقوں کی کثیر آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

محمد ابراہیم

مقامی باشندہ

بشیر احمد

فیروز احمد

اے ای ای، محکمہ جل شکتی

ضلع اننت ناگ کے ماگم، سنبراری میں پانی کی شدید قلت

لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.