ETV Bharat / sports

IPL 2023 ممبئی نے حیدرآباد کو شکست دے کر فتح کی ہیٹ ٹرک لگائی

author img

By

Published : Apr 19, 2023, 6:41 AM IST

آئی پی ایل 2023 کے 25ویں میچ میں ممبئی انڈینس نے سن رائزرس حیدرآباد کو 14 رنز سے شکست دے دی۔ ممبئی کی جانب سے کیمرون گرین نے 64 رنز کی اننگ کھیلی اور ایک وکٹ بھی حاصل کیا جس کے لیے انہیں پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ Mumbai Indians beat Sunrisers Hyderabad

ممبئی نے حیدرآباد کو شکست دے کر فتح کی ہیٹ ٹرک لگائی
ممبئی نے حیدرآباد کو شکست دے کر فتح کی ہیٹ ٹرک لگائی

حیدرآباد: آسٹریلیائی آل راؤنڈر کیمرون گرین کی شاندار نصف سنچری (64 ناٹ آؤٹ) اور گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ممبئی انڈینس نے منگل کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو 14 رنز سے شکست دے دی۔ ممبئی نے سن رائزرس کے سامنے 193 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں میزبان ٹیم 178 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ گرین نے 40 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 64 رنز بنا کر آئی پی ایل میں اپنی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے درمیانی اوور میں تلک ورما (17 گیندوں، 37 رنز) کے ساتھ ایک دھماکہ خیز نصف سنچری شراکت داری کی، جس نے ممبئی کو 192 رنز کے بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ سن رائزرس 193 کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن پیوش چاولہ اور میریڈیتھ نے درمیانی اوور میں چار اہم وکٹیں حاصل کیں۔ سن رائزرس کو آخری اوور میں 20 رنز درکار تھے۔ ارجن ٹنڈولکر نے اس اوور میں صرف پانچ رنز دیے اور اپنا پہلا آئی پی ایل وکٹ لے کر ممبئی کو جیت دلائی۔

آسٹریلیائی آل راؤنڈر کیمرون گرین (40 گیندوں میں 64 رن) نے دھماکہ خیز نصف سنچری بنائی اور تلک ورما (17 گیندوں میں 37 رن) کے ساتھ نصف سنچری شراکت کی بدولت ممبئی انڈینس نے سن رائزرس حیدرآباد کے سامنے 193 رن کا ہدف رکھا۔ ممبئی نے ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان روہت شرما کی بدولت جارحانہ آغاز کیا۔ روہت نے 18 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے، حالانکہ وہ ایک بار پھر اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر سکے اور پانچویں اوور میں ٹی نٹراجن کا شکار ہو گئے۔ روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد ممبئی کا رن ریٹ سست پڑگیا۔ اسپنرز کے سامنے کچھ دیر جدوجہد کرنے کے بعد گرین نے واشنگٹن سندر کی گیند پر چھکا لگا کر اپنے ہاتھ کھولے۔ ایشان کشن نے بھی 10ویں اوور میں مینک مارکنڈے کو دو چوکے لگائے، حالانکہ وہ 31 گیندوں پر 38 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: IPL 2023 چنئی سپر کنگز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو آٹھ رنز سے شکست دی

کشن کی وکٹ گرنے کے بعد سوریہ کمار یادو بھی سات رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، حالانکہ اس کے بعد ممبئی کی جانب سے جارحانہ بلے بازی دیکھنے کو ملی۔ آخری اوورز کی طرف بڑھتے ہوئے تلک ورما اور گرین نے 26 گیندوں پر 56 رنز کی شراکت داری کی۔ تلک نے دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 37 رن بنا کر ممبئی کی اننگز کا رخ موڑ دیا۔ گرین 30 گیندوں پر 39 رنز پر کھیل رہے تھے جب تلک کی وکٹ گر گئی لیکن انہوں نے آخری تین اووروں میں سن رائزرز کے گیند بازوں کو نشانہ بنایا۔ گرین نے 40 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز بنائے اور اپنی پہلی آئی پی ایل نصف سنچری 33 گیندوں پر مکمل کی۔ گرین کی اننگز میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے اس طرح ممبئی نے آخری پانچ اووروں میں 62 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعی اسکور 192/5 تک پہنچا دیا۔ تجربہ کار بالر بھونیشور کمار نے چار اوورز میں صرف 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ نٹراجن نے روہت کا اہم وکٹ حاصل کیا، حالانکہ انہوں نے اپنے چار اوورز میں 50 رنز بھی دئیے۔ مارکو جانسن نے چار اوورز میں 43 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.