ETV Bharat / international

Fire At Rohingya Camp بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں آتشزدگی، بارہ ہزار مہاجرین بے گھر

author img

By

Published : Mar 7, 2023, 2:18 PM IST

بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں میں آتشزدگی کے سبب تقریباً 12 ہزار لوگ بے گھر ہو گئے۔ اس کے علاوہ کم از کم 35 مساجد اور 21 تعلیمی مراکز بھی جل کر تباہ ہوگئے ہیں، تاہم کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

Fire At Rohingya Camp In Bangladesh Leaves12 thousand people homeless
بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں آتشزدگی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں میں آگ لگنے سے 2 ہزار سے زائد کیمپ جل کر خاکستر ہوگئے اور تقریباً 12 ہزار لوگ بے گھر ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش میں پناہ گزینوں کے کمشنر میزان الرحمٰن نے بتایا کہ دنیا کی سب سے بڑی پناہ گزینوں کی بستیوں میں سے ایک کٹوپالونگ کے کیمپ نمبر 11 میں گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجکر 45 منٹ پر آگ لگی جس نے تیزی سے دیگر کیمپوں کو اپنی زدمیں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 2 ہزار کیمپ جل کر خاکستر ہوگئے ہیں جس سے تقریباً 12 ہزار پناہ گزین بےگھر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ کم از کم 35 مساجد اور 21 تعلیمی مراکز بھی جل کر تباہ ہوگئے ہیں، تاہم کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

قبل ازیں بنگلہ دیش میں یو این ایچ سی آر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کے رضاکار ایجنسی اور اس کے شراکت داروں کے تعاون سے آتشزدگی پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔کاکس بازار کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ رفیق الاسلام نے کہا کہ ’ہم فی الحال نقصانات کا تخمینہ نہیں لگاسکتے لیکن جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور پولیس, پناہ گزینوں کے امدادی محکمے اور آگ بجھانے والے محکمے کے سینیئر اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آگ کیسے لگی، حکام نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، مقامی پولیس اہلکار فاروق احمد نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

بنگلہ دیش میں پناہ گزینوں کے کیمپوں میں آتشزدگی عام بات ہے جہاں تقریباً 10 لاکھ روہنگیا پناہ گزین ناگفتہ بہ حالات میں رہائش پذیر ہیں، ان میں سے بیشتر نے 2017 میں میانمار کی راکھین ریاست میں فوجی کریک ڈاؤن سے فرار اختیار کرکے بنگلہ دیش میں پناہ لی۔بنگلہ دیش کی وزارت دفاع کی گزشتہ ماہ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جنوری 2021 سے دسمبر 2022 کے درمیان روہنگیا کیمپوں میں آتشزدگی کے 222 واقعات ہوئے ہیں، مارچ 2021 میں بستی کے ایک کیمپ میں آگ لگنے سے کم از کم 15 افراد جاں بحق اور تقریباً 50 ہزار بے گھر ہو گئے تھے۔(یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.