ETV Bharat / bharat

کورونا اموات کے 70 فیصد معاملے پانچ ریاستوں سے

author img

By

Published : Sep 3, 2020, 8:11 PM IST

کورونا اموات کے 70 فیصد معاملے پانچ ریاستوں سے
کورونا اموات کے 70 فیصد معاملے پانچ ریاستوں سے

مرکزی صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے مطابق ملک بھر میں کورونا اموات کے 70فیصد معاملے مہاراشٹر، تمل ناڈو، دہلی، کرناٹک اور آندھرا پردیش سے سامنے آئے ہیں۔

عالمی وبا کورونا وائرس کووڈ19 کی وجہ سے موت کے 70 فیصد معاملے ملک کی پانچ ریاستوں: مہاراشٹر، تمل ناڈو، دہلی، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے ہیں۔ ان میں سے دہلی اور کرناٹک ایسی ریاستیں ہیں جہاں ہفتہ وار بنیاد پر ہر روز اوسطاً موت کے معاملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جمعرات کو ہوئی پریس بریفنگ میں ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے بتایاکہ ملک بھر میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے اب تک 37.39 فیصد اموات مہاراشٹر میں ،11.16 فیصد تمل ناڈو میں ،8.83 فیصد کرناٹک میں ،6.65 فیصد دہلی میں اور 6.12 آندھرا پردیش میں ہوئی ہیں۔ باقی 29.85 فیصد معاملے ملک کے دیگر حصوں کے ہیں۔

بھوشن نے بتایا کہ ان پانچ ریاستوں میں سے دہلی ایسی ریاست ہے جہاں ہفتہ وار بنیاد پر گزشتہ تین ہفتے کے دوران موت کے معاملے بڑھے ہیں۔ دہلی میں 13 سے 19 اگست کے درمیان ہر روز اوسطاً 12 کورونا متاثرین کی موت ہوئی جو 20 سے 26 اگست کے درمیان بڑھکر یہ تعداد 14 اور 27 اگست سے دس ستمبرکے درمیان بڑھکر 18 ہوگئی۔

کرناٹک میں گزشتہ ہفتے موت کے اوسطاً معاملوں میں تیزی درج کی گئی ہے۔ کرناٹک میں 13 سے 19 اگست کے درمیان ہر روز اوسطاً 114 کورونا مریضوں کی موت ہوئی،20 سے 26 اگست کے درمیان یہ گھٹ کر 108 ہوئی لیکن 27 اگست سے دو ستمبر کے درمیان یہ دوبارہ تیزی سے بڑھکر 125 مریض فی دن ہوگئی۔

مزید پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا کے ڈھائی کروڑ سے زائد کیسز

انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹر میں 13 سے 19 اگست کے درمیان ہر روز اوسطاً 340 اموات 20 سے 26 اگست کے درمیان 301 اور 27 اگست سے 2 ستمبر کے درمیان 301 معاملے درج کئے گئے۔ تمل ناڈو میں 13 سے 19 اگست کے درمیان یہ تعداد121 ,20 اور 26 اگست کے درمیان 102 اور 27 اگست کے درمیان 99 رہی۔آندھرا پردیش میں 13 سے 19 اگست کے درمیان ہرروز اوسطاً 88 کورونا مریضوں کی موت ہوئی ،20 سے 26 اگست کے درمیان یہ تعداد 91 رہی جبکہ 27 اگست سے دو ستمبر کے درمیان یہ گھٹ کر 84 پر آگئی۔

بھوشن نے مزید کہا کہ کورونا مریضوں کی موت کے معاملے ہر روز کی بنیاد پر مہاراشٹر میں ساڑھے 11 فیصد اور آندھرا پردیش میں ساڑھے چار فیصد کم ہوئے ہیں جبکہ دہلی میں ان میں 50 فیصد، تمل ناڈو میں 18.2 فیصد اور کرناٹک میں 9.6 فیصد کی تیزی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا شرحِ اموات 1.75 فیصد

قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے 38لاکھ 53ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں تیس لاکھ کے قریب صحت یاب ہو چکے ہیں، وہیں اس وبائی مرض سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد 67ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

امریکہ (62لاکھ) اور برازیل (40لاکھ) کے بعد کورونا متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد ہندوستان میں ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.