ETV Bharat / jammu-and-kashmir

گلوبل وارمنگ، کشمیر میں مہاجر پرندوں کی آمد اور روانگی میں تبدیلی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 10, 2024, 6:14 PM IST

Climate change and migration patterns of avian guestsوادی کشمیر میں گلوبل وارمنگ کا اثر مہاجر پرندوں کی آمد اور روانگی کے شیڈول پر بھی مرتب ہو رہا ہے۔ ماہرین کی جانب سے اس ضمن میں اقدامات اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

گلوبل وارمنگ، کشمیر میں مہاجر پرندوں کی آمد اور روانگی میں تبدیلی
گلوبل وارمنگ، کشمیر میں مہاجر پرندوں کی آمد اور روانگی میں تبدیلی

گلوبل وارمنگ، کشمیر میں مہاجر پرندوں کی آمد اور روانگی میں تبدیلی

سرینگر (جموں و کشمیر): وادی کشمیر کشمیر کی دلکش آبی پناہ گاہیں، جو مختلف یوریشیائی ممالک سے ہجرت کرنے والے پرندوں کی سرما کے دوران پسندیدہ منزل ہے، نے ان مہمان پرندوں کی نقل مکانی کے انداز میں نمایاں تبدیلی کا مشاہدہ کیا ہے۔ عہدیداروں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سردی کے رواں موسم میں نمایاں تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں، جس کے سبب ہجرت کرنے والے پرندوں کی آمد اور روانگی کے شیڈول متاثر ہوئے ہیں۔

وسطی ایشیائی فلائی وے (سی اے ایف) کے ذریعے یورپی اور ایشیائی ممالک سے آنے والے مہمان پرندے روایتی طور پر کشمیر کی پر سکون آبی پناہ گاہوں میں عارضی سکونت اختیار کرتے ہیں۔ ایک سینئر ویٹ لینڈ افسر نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس موسم سرما میں غیر معمولی طور پر طویل خشک موسم دیکھا گیا، جس کے ساتھ ہی دن کا درجہ حرارت غیر معمولی طور پر زیادہ رہا اور برف باری میں بھی کافی تاخیر ہوئی جس کے سبب ’’ناموافق موسمی حالات نے ان مہمانوں کی نقل مکانی کے انداز کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے۔ ہم نے اس موسم میں مہمان پرندوں کی جلد آمد اور جلد روانگی کا مشاہدہ کیا۔‘‘

روایتی طور پر مہمان پرندے اپنی آخری منزل کی طرف جاتے ہوئے سی اے ایف کے ساتھ ساتھ مختلف آبی پناہ گاہوں میں قیام کرتے ہیں۔ تاہم، اس موسم سرما میں معمول سے زیادہ گرم آب و ہوا کی وجہ سے ان ہالٹ اسٹیشنوں پر ان کے قیام کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔ افسرکا کہنا تھا کہ ’’اس موسم سرما کے آغاز میں ان آبی پناہ گاہوں میں نقل مکانی کرنے والے لاکھوں پرندے وارد ہوئے۔ تاہم، ناموافق موسمی حالات کی وجہ سے ایک قابل ذکر تعداد شمالی بھارت کی مختلف ریاستوں؛ جیسے کہ پنجاب، ہماچل، اور اتراکھنڈ میں منتقل ہوئی۔‘‘

مزید پڑھیں: خشک سالی کے باوجود کشمیر میں لاکھوں مہمان پرندوں کی آمد

افسر نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ہمیں یقین ہے کہ یہ پرندے اپنی ریورس ہجرت شروع کرنے سے پہلے مارچ میں واپس آ جائیں گے۔ پرندوں کی صحیح تعداد کا پتہ ایشیائی پرندوں کی مردم شماری کے ذریعے لگایا جائے گا، جو 15 فروری کے بعد منعقد کی جائے گی۔ جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں ہجرت کرنے والے پرندوں کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور بدلتے ہوئے موسمی نمونے پرندوں کے رہائش گاہوں کو تباہ کر رہے ہیں اور ان کے نقل مکانی کے نمونوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ ماہرین نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور مہاجر پرندوں کے لیے محفوظ رہائش گاہوں کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.