ETV Bharat / jammu-and-kashmir

بجبہاڑہ کا اسٹیڈیم خستہ، کرکٹرز کو مشکلات کا سامنا - bijbehara stadium dilapidated

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Mar 22, 2024, 3:52 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

bijbehara stadium dilapidated جموں کشمیر کے نوجوان کسی بھی شعبہ میں اپنا لوہا منوانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ دور حاضر میں نوجوان کھیل کود کی جانب اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ایسے میں سرکار کی جانب سے بھی نوجوانوں کو کھیل کود کی جانب متوجہ کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

بجبہاڑہ کا اسٹیڈیم خستہ، کرکٹرز کو مشکلات کا سامنا

اننت ناگ (جموں کشمیر) : کھیل کود کے ڈھانچہ کو مستحکم کرنے کے بلند و بانگ دعوے زمینی سطح پر سراب ثابت ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ضلع اننت ناگ میں قصبہ بجبہاڑہ کے نوشہرہ اسٹیڈیم اس کی ایک زندہ مثال ہے۔ قصبہ بجبہاڑہ کے کئی کھلاڑیوں نے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنے کھیل کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ جن میں انٹرنیشنل کھلاڑی پرویز رسول بھی شامل ہے۔

یہاں کے کئی نوجوان کرکٹ کی جانب راغب ہو رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے کرکٹ کھیلنے کے لیے یہاں کے کھلاڑیوں کے پاس معیاری اسپورٹس اسٹیڈیم مہیا نہیں کیا جا رہا۔ نوشہرہ علاقے میں کئی سال قبل ایک اسپورٹس اسٹیڈیم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جس کو تعمیر کرنے کے حوالے سے فنڈ بھی واگزار کئے گئے تھے تاہم مقامی نوجوانوں، کھلاڑیوں کا الزام ہے کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے فنڈز صحیح طریقے سے استعمال میں نہیں لائے گئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اب عید گاہ میں ہی کرکٹ کھیلنا پڑ رہا ہے۔

مقامی کھلاڑیوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’یہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، لیکن صحیح پلیٹ فارم مہیا نہ ہونے سے نوجوان آگے بڑھ نہیں پا رہے ہیں۔‘‘ ادھر، اس حوالے سے جب نمائندے نے بی ڈی او سریگفوارہ، غازی عبداللہ سے بات کی تو انہوں نے تصدیق کی کہ کئی سال قبل گراؤنڈ کو تعمیر کیا گیا جس کے لئے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے انتہائی قلیل فنڈز بھی واگزار کئے گئے تھے جو گراؤنڈ کی تعمیر و مرمت کے لئے نا کافی تھے۔ انہوں نے دعویٰ کہ آنے والے دنوں میں وہ کسی اسکیم کے تحت اس گراؤنڈ کی تعمیر و مرمت کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'سڑک پر کب تک کرکٹ کھیلیں؟ ہمیں بھی کھیل کا میدان چاہیے'

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.