اردو

urdu

Mehbooba House arrest?: یوم شہدا پر نظر بند رکھا گیا، محبوبہ مفتی کا دعویٰ

By

Published : Jul 13, 2023, 1:47 PM IST

جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ٹیوٹر پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں 13 جولائی یوم شہداء کے موقعے پر گھر سے باہر (مزار شہداء، خواجہ بازار) جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

یوم شہداء پر نظر بند رکھا گیا، محبوبہ مفتی کا دعویٰ
یوم شہداء پر نظر بند رکھا گیا، محبوبہ مفتی کا دعویٰ

سرینگر (جموں و کشمیر):یوم شہداء کے موقعے پر جہاں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ کو پارٹی دفتر پیدل جانا پڑا۔ وہیں سابق ریاست (جموں و کشمیر) کی واحد خاتون وزیر اعلیٰ رہ چکی محبوبہ مفتی نے دعوی کیا کہ انہیں اپنے ہی گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 13 جولائی 1931 کو اُس وقت کی ڈوگرہ آمریت کے خلاف پر امن صدائے احتجاج بلند کرنے والے 22 نہتے کشمیریوں کو ڈوگرہ فوجیوں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ 1931 سے 2019 تک یوم شہداء کے موقعے پر سرکاری تعطیل کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر مزار شہداء، خواجہ بازار، سرینگر کی گلباری بھی انجام دی جاتی تھی۔

سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکٹریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ کا کہنا تھا کہ ’’میں آج مزار شہداء جانے کی خواہش کے باعث نظر بند ہوں۔ یہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حکومت ہند نے سپریم کورٹ میں جموں و کشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے اپنے بلند و بانگ دعووں کو دفعہ 370 کی غیر قانونی منسوخی کے جواز کے طور پر پیش کیا ہے۔‘‘

سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہ ’’بی جے پی کے اپنے ہیرو ویر ساورکر، شیاما پرساد مکھرجی، مادھو سداشیو راؤ گولوالکر اور ناتھورام گوڈسے - جو نفرت اور تفرقہ پھیلاتے ہیں - ہم پر زبردستی نہیں تھوپے جا سکتے۔ ہمارے لیے وہ لوگ جنہوں نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، (وہ ہی اصل ہیرو ہیں) ان کی ہمت اور حوصلہ کی ہمیشہ تعریف کی جائے گی۔‘‘

مزید پڑھیں:Omar Abdullah's unusual walk to office عمر عبداللہ گھر سے پارٹی دفتر تک پیدل چلے، پولیس پر کی تنقید

یوم شہداء کے موقعے پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم آپ کو ہماری تاریخ مسخ کرنے یا اپنے ہیروز کو بھلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یوم شہدا کے موقعے پر میں ان (شہیدوں) کی جرات کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے غاصبوں کے خلاف آخری دم تک بہادری کے ساتھ لڑا۔‘‘ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ میں تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیے جن میں وہ اپنی دختر کے ہمراہ گھر کا دروازہ کھولنے اور وہاں تعینات سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سے سوال کرتی نظر آئیں، ویڈیو میں یہ واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ محبوبہ ان کے گھر کے دروازے کو زنجیراور خار دار تاروں سے سیل کرنے کی وجہ حفاظتی اہلکاروں سے پوچھ رہی ہیں۔ محبوبہ ویڈیو میں یہ بھی دعویٰ کر رہی ہیں کہ ان کی گاڑیوں کو بھی روک دیا گیا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details