ممبئی:ممبئی سے جے پور جانے والی سپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین فائرنگ معاملے میں آر پی ایف جوان چیتن سنگھ چودھری کے خلاف آج عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔ جولائی میں پیش آئے اس واقعہ میں ملزم آر پی ایف جوان نے چلتی ٹرین میں مسافروں پر فائرنگ کرکے انہیں ہلاک کر دیا تھا۔ اس کے خلاف کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
آر پی ایف کانسٹیبل چیتن سنگھ چودھری کی فائرنگ کا واقعہ 31 جولائی 2023 کو ممبئی سے جے پور سپرفاسٹ ایکسپریس ٹرین میں پیش آیا تھا۔ آر پی ایف جوان چیتن سنگھ نے اپنے ایک سینیئر سمیت دیگر تین مسافروں پر فائرنگ کی جس کے باعث وہ برسر موقع ہلاک ہوئے تھے۔ اس معاملے میں ملزم چیتن سنگھ کے خلاف ممبئی سیشن کورٹ میں 1206 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔
ممبئی سے جے پور کے لیے سپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین 31 جولائی کو معمول کے مطابق روانہ ہوئی۔ آر پی ایف جوان چیتن سنگھ ایکسپریس کوچ کے اندر آیا اور فائرنگ شروع کردی۔ اس نے ڈیوٹی پر موجود اپنے ساتھی اور دیگر تین مسلم مسافروں پر فائرنگ کی۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے چیتن سنگھ کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
بوریولی کی عدالت نے ملزم چیتن سنگھ کو 7 اگست تک حراست میں بھیج دیا تھا۔ بعد ازاں اس کی تحویل میں توسیع کر دی گئی۔ ساتھ ہی اس واقعہ کے بعد اس کوچ میں موجود مسافروں نے بھی اس واقعہ پر اپنے بیانات ریکارڈ کرائے ہیں۔ پولیس کی جانب سے بوریولی کی عدالت میں چیتن سنگھ کے خلاف 1206 سے زیادہ صفحات کی چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ اب اسے بوریولی سے بمبئی سیشن کورٹ میں داخل کیا گیا ہے۔