نیویارک:نیویارک کے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں 23 مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن سیرینا ولیمس نے مونٹی نیگرو کی ڈانکا کوونچ کو اسٹریٹ سیٹوں میں چھ-تین، چھ-تین سے شکست دے کر اپنے کریئر کے آخری یوایس اوپن ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ آغاز کیا۔ Serena Williams wins first-round U.S. Open match
چھ بار کی یو ایس اوپن چیمپئن کو اپنے پہلے راؤنڈ کے میچ میں شائقین کی جانب سے بے پناہ محبت ملی جس کے بعد سیرینا نے انہیں مایوس نہیں کیا اور اپنے پرانے رنگ میں نظر آئیں۔ ناظرین سے کھچا کھچ بھرے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں سرینا کی حمایت میں "وی لو سیرینا" کے نعرے لگ رہے تھے۔ میچ سے قبل 23 مرتبہ کی گرینڈ سلیم فاتح ولیمز کی ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں ان کے کریئر اور زندگی کی کامیابیاں دکھائی گئیں۔
ٹینس کورٹ پر راج کرنے والی سابق نمبر ایک کھلاڑی سرینا ولیمس گزشتہ کچھ عرصے سے اتار چڑھاؤ سے گزر رہی ہیں۔ اس دوران ان کی کارکردگی بھی کچھ خاص نہیں رہی جس کی وجہ سے ان کی عالمی رینکنگ 605 تک پہنچ گئی۔ مسلسل جدوجہد کے باعث سرینا نے یو ایس اوپن کے آغاز سے قبل ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔رواں ماہ کے شروع میں سرینا نے ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یو ایس اوپن 2022 ان کے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔
سرینا نے اپنا ڈیبیو سنہ 1995 میں کیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے اپنے کیرئیر میں سات بار آسٹریلین اوپن، سات بار ومبلڈن، چھ بار یو ایس اوپن اور تین بار فرنچ اوپن جیتا تھا۔