برمنگھم:بھارت کا 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا کے تسلط کو توڑنے کا خواب ادھورا رہ گیا اور اسے یکطرفہ فائنل مقابلے میں عالمی چیمپیئن کے ہاتھوں 0-7 کی ذلت آمیز شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ Commonwealth Games 2022
ہندوستانی ہاکی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 0-7 سے ہار گئی۔ اس طرح آسٹریلیا مسلسل ساتویں مرتبہ کامن ویلتھ گیمز چیمپئن بن گئی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ بھارت چاندی کے تمغے پر ہی محدود رہ گیا اور اس طرح کامن ویلتھ گیمز 2022 میں بھارت کو کُل 61 تمغے ملے ہیں۔ 2010 کے دہلی کامن ویلتھ گیمز کی تلخ یادیں ہاکی کے شائقین کے ذہنوں میں پھر سے تازہ ہوگئیں جب فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 8-0 سے شکست دی تھی۔ لیگ مرحلے میں ناقابل شکست اور پول میں ٹاپ پر رہنے والی بھارتی ٹیم بالکل بھی فارم میں نظر نہیں آرہی تھی۔ فارورڈ لائن میں کوئی تال میل نہیں دکھا اور ڈفینس کو آسٹریلیا نے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ اس دوران کپتان منپریت سنگھ کے کندھے کی انجری نے بھارت کی کارکردگی کو بری طرح متاثر کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے بلیک گوورز، نیتھن ایفرائمز، جیکب اینڈرسن، ٹام وکہم اور فن اوزلوی نے گول کئے۔ 1998 میں کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی کی شمولیت کے بعد سے آسٹریلیا نے تمام سات گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ بھارت نے 2010 میں دہلی اور 2014 میں گلاسگو میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔