مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جموں وکشمیر اور لداخ سے تعلق رکھنے والے طلبا سینٹرل سیکٹر اسکیموں کے لیے نیشنل اسکالرشپ پورٹل پر 10 فروری تک آن لائن فارم جمع کرسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا 'کوئی بھی خواہشمند طالب علم اسکالرشپ فارم جمع کرنے سے محروم نہ رہے یہ یقینی بنانے کے لیے فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ میں مزید دس دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔ مختار عباس نقوی نے اس حوالے سے خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں'۔
واضح رہے کہ یہ چوتھی مرتبہ ہے جب جموں وکشمیر اور لداخ کے طلبا کے لیے اسکالرشپ فارم جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ ایک اور توسیع کا یہ فیصلہ ظاہری طور پر جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ خدمات پر عائد جزوی پابندی کے پیش نظر لیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے 21 جنوری کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہارون میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ امسال جموں کشمیر میں اسکالرشپ فارم جمع کرنے والے تمام طلبا کو اسکالرشپ دی جائے گی۔