ETV Bharat / state

Congress Protest in Aligarh منی پور وائرل ویڈیو کے خلاف کانگریس کارکنان کا علیگڑھ میں احتجاج

author img

By

Published : Jul 24, 2023, 12:05 PM IST

انڈین نیشنل کانگریس کے کارکنان نے علی گڑھ کلکٹریٹ میں منی پور تشدد اور خواتین کی برہنہ پریڈ کے واقعات کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی، منی پور حکومت اور وزیر اعظم مودی کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کو صدر جمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم پیش کیا۔

منی پور وائرل ویڈیو کے خلاف کانگریس کارکنان کا کلیکٹریٹ دفتر کے سامنے احتجاج
منی پور وائرل ویڈیو کے خلاف کانگریس کارکنان کا کلیکٹریٹ دفتر کے سامنے احتجاج

منی پور وائرل ویڈیو کے خلاف کانگریس کارکنان کا کلیکٹریٹ دفتر کے سامنے احتجاج

علی گڑھ: منی پور کی مظلوم خواتین کو انصاف دلانے کے لیے علیگڑھ کلیکٹریٹ پر گزشتہ روز کانگریس پارٹی کے کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس میں کارکنان نے اپنا غصہ ظاہر کیا اور مجرموں کے خلاف سخت ترین سزا کا مطالبہ کیا۔ کلکٹریٹ میں داخل ہونے سے روکنے کی پولیس کی لاکھ کوششوں کے باوجود کارکنان اندر داخل ہو گئے اور زبردست احتجاج کیا۔

کانگریس لیڈر آغا یونس کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے منی پور میں فسادات اور خواتین پر تشدد کے خلاف احتجاج کیا، ہاتھوں میں بینرز اور پوسٹر اٹھائے ہوئے بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ کلکٹریٹ کے داخلی دروازے پر کانگریس کارکنوں اور پولس کے درمیان اندر داخل ہونے کو لے کر گرما گرم بحث بھی ہوئی۔

کانگریس لیڈر آغا یونس نے کہا کہ اس وقت منی پور جل رہا ہے اور وزیر اعظم خاموش بیٹھے ہیں، آج ملک کی حالت ایسی ہے جیسے روم جل رہا ہو اور نیرو سو رہا ہو۔ منی پور میں فسادات کے دوران بدمعاشوں نے 4 مئی کو خواتین کو برہنہ کرنے کے بعد ان کی پٹائی کی تھی۔ واقعے کی رپورٹ ڈیڑھ ماہ سے زائد گزرنے کے بعد درج کی گئی۔ اس طرح کے واقعے نے ملک کے ماتھے پر وہ دھبہ لگا دیا ہے جو کبھی نہیں دھل سکتا۔ آج ہماری خواتین کو برہنہ کیا جا رہا ہے، اسی لیے انہوں نے کارکنان کے ساتھ مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: AMU Student گرفتار فیضان انصاری اے ایم یو کا طالب علم ہے

یونس نے کہا منی پور میں تشدد کے دوران سامنے آنے والی ایک حالیہ ویڈیو نے پوری قوم کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی ہو رہی ہے اس لئے ہم صدر جمہوریہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ منی پور حکومت کو فوری طور پر برطرف کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی برطرف کریں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.