ETV Bharat / state

تلنگانہ میں کانگریس تو راجستھان، ایم پی اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی آگے، کمل ناتھ 35 ہزار ووٹوں سے کامیاب

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 3, 2023, 11:39 AM IST

Updated : Dec 3, 2023, 5:41 PM IST

ملک کی چار ریاستوں میں جاری کاؤنٹنگ کے تازہ رجحانات میں بی جے پی تین جب کہ کانگریس ایک ریاست میں آگے چل رہی ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

حیدرآباد: چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات 2023 کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ان میں تین ریاستوں راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے رجحانات میں بی جے پی آگے چل رہی ہے تو وہیں تلنگانہ میں کانگریس کو سبقت ملی ہوئی ہے۔

  • تلنگانہ کے رجحانات

تلنگانہ میں جاری کاؤنٹنگ کے رجحانات میں کانگریس 65 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے جب کہ برسراقتدار پارٹی بھارت راشٹرا سمیتی 40 سیٹوں پر آگے ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ریونت ریڈی کوڈنگل اسمبلی حلقے سے جیت گئے ہیں جب کہ کاما ریڈی سیٹ سے آگے چل رہے ہیں۔ وہیں تلنگانہ میں بی جے پی 8 سیٹوں پر آگے ہے جب کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) ایک سیٹ جیت چکی ہے۔ چارمینار اسمبلی حلقے میں ایم آئی ایم امیدوار میر ذو الفقار علی کامیاب ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایم آئی ایم مزید 6 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے جب کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ایک سیٹ پر آگے ہے۔

وہیں تلنگانہ میں رجحانات میں سبقت کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے جیت کے بعد کی صورت حال کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ کانگریس نے حیدرآباد کے ایک اسٹار ہوٹل میں بسیں تیار رکھی ہیں تاکہ اپنے اراکین اسمبلی کو ضرورت پڑنے پر بغاوت سے بچانے کے لئے بنگلورو منتقل کیا جاسکے۔ ایک نجی ٹریول آپریٹر کی بسیں تاج کرشنا ہوٹل میں دیکھی گئیں، جہاں کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے۔ شیوکمار اور اے آئی سی سی کے دیگر مبصرین ڈیرہ جمائے ہوئے ہیں۔ کرناٹک کے وزیر منیاپا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا کوئی بھی ایم ایل اے انحراف نہیں کرے گا کیونکہ سبھی پارٹی کے وفادار ہیں۔ ڈی کے شیوکمار کابینہ کے کچھ ساتھیوں کے ساتھ جمعہ کو دیر گئے بنگلورو سے ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ حیدرآباد پہنچے۔

  • راجستھان کے رجحانات

راجستھان اسمبلی انتخابات کی گنتی کے پہلے مرحلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار 115 سیٹوں پر آگے چل رہے ہیں اور کانگریس کے امیدوار 70 سیٹوں پر آگے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی کے پہلے مرحلے میں وزیر اعلی اشوک گہلوت جودھ پور کی سردار پورہ سیٹ پر پانچ ہزار سے زیادہ ووٹوں سے آگے ہیں۔ سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے تقریباً پانچ ہزار ووٹوں سے آگے ہیں، وزیر پرتاپ سنگھ کھچاریاواس اور راجندر سنگھ یادو قریب ترین حریف بی جے پی امیدوار سے آگے چل رہے ہیں جب کہ سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ بتدائی رجحان میں آگے نہیں بڑھ سکے۔ اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی چھ سے زیادہ ووٹوں سے پیچھے ہیں جبکہ کانگریس کے ریاستی صدر گووند دوتاسرا آگے ہیں۔ اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر راجندر سنگھ راٹھور اور ڈپٹی لیڈر آف اپوزیشن ڈاکٹر ستیش پونیا اپنے قریبی حریف امیدواروں سے نو ووٹوں سے پیچھے ہیں۔

  • مدھیہ پردیش کے رجحانات

مدھیہ پردیش میں جاری ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رجحانات میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) آگے ہے۔ گنتی کی تازہ صورت حال میں بی جے پی 166 سے ​​زیادہ سیٹوں پر آگے ہے اور کانگریس تقریباً 63 سیٹوں پر آگے ہے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بدھنی سے، پارٹی کے جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ اندور سے، وزیر راجندر شکلا ریوا سے آگے چل رہے ہیں جکہ سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ چھندواڑہ سے تقریباً 35 ہزار ووٹ سے شاندار جیت حاصل کی۔ اسی بیچ ریاست کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت بنانے جا رہی ہے۔ چوہان نے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے سلسلے میں سوشل میڈیا ایکس پر لکھا ہے، ''بھارت ماتا کی جے، جنتا جناردن کی جئے، آج مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج آ رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ عوام کے آشیرواد اور قابل احترام وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی قابل قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی مکمل اکثریت کے ساتھ دوبارہ حکومت بنانے جا رہی ہے۔ بی جے پی کے تمام امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔

  • چھتیس گڑھ کے رجحانات

چھتیس گڑھ میں ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رجحانات میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ دکھائی دے رہا تھا لیکن فی الوقت بی جے پی کانگریس سے آگے نکل گئی ہے۔ تازہ رجحانات میں اپوزیشن پارٹی بی جے پی 56 سیٹوں پر اور برسراقتدار پارٹی کانگریس 34 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے جب کہ دیگر ایک سیٹ پر آگے ہیں۔

Last Updated : Dec 3, 2023, 5:41 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.