ETV Bharat / state

غریب کسانوں کو ای ڈی کا نوٹس: افسر کا صدر جمہوریہ سے وزیر خزانہ کو برخاست کرنے کا مطالبہ

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 3, 2024, 9:13 AM IST

ED Notice to Tamil Nadu Farmers: ای ڈی نے تمل ناڈو کے دو غریب کسانوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک آئی آر ایس افسر نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو خط لکھ کر مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جانیے پورا معاملہ کیا ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

چنئی: تمل ناڈو کے ایک آئی آر ایس افسر نے صدر دروپدی مرمو کو خط لکھ کر مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دراصل ای ڈی نے تمل ناڈو کے دو غریب کسانوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔ اس کارروائی کے رد عمل میں افسر نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو 'بی جے پی کی ونگ' میں تبدیل کرنے کے لیے مرکزی وزیر خزانہ کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جی ایس ٹی اور سی ای، چنئی کے ڈپٹی کمشنر بی بالا مروگن نے منگل کو صدر جمہوریہ کو لکھے اپنے خط میں بی جے پی لیڈر کے ساتھ قانونی تنازع کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے دو غریب دلت کسانوں کو سمن موصول ہونے کے معاملے پر روشنی ڈالی۔ مروگن کے لکھے گئے خط کی ایک کاپی ای ٹی وی بھارت کے پاس موجود ہے۔

  • خط میں کیا لکھا

مروگن نے صدر جموریہ کو بھیجے گئے خط میں لکھا کہ تمل ناڈو کے دو عمر رسیدہ، ناخواندہ اور غریب دلت کسان، 72 سالہ کن نین اور 67 سالہ کرشنن، جن کے پاس تمل ناڈو کے اٹور میں 6.5 ایکڑ زرعی زمین ہے۔ ان کا فی الحال سلیم ضلع کے بی جے پی کے سابق سکریٹری گُنا شیکھر کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔ ان دونوں کسانوں کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے سمن موصول ہوا ہے۔ کسانوں نے بی جے پی کے ایک مقامی لیڈر پر زمین پر غیر قانونی قبضہ کرنے کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔ زمین کے تنازع معاملے میں ای ڈی کے ملوث ہونے سے لوگ ناراض ہیں۔ لفافے پر کسانوں کی ذات کو 'ہندو پالرس' کے طور پر لکھے جانے سے لوگوں کا غصہ مزید بڑھ گیا ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ کن نین اور کرشنن تمل ناڈو کے سلیم ضلع کے اٹور علاقے کے گاؤں رام نیاگن پالیم کے رہنے والے بھائی ہیں۔ زمین کے تنازع کی وجہ سے کسان پچھلے چار برسوں سے کھیتی باڑی کرنے سے قاصر ہیں اور ان کے بینک کھاتوں میں صرف 450 روپے ہیں۔ وہ اپنی روزی روٹی کے لیے 1000 روپے کی بڑھاپے کی پنشن اور حکومت کی طرف سے دی جانے والے مفت راشن پر منحصر ہیں۔'' خط میں کہا گیا ہے کہ ای ڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رتیش کمار کے ذریعہ کسانوں کو جاری سمن کی تاریخ 26 جون 2023 ہے۔ سمن کے مطابق، تفتیشی افسر (IO) رتیش کمار پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 کی دفعات کے تحت تحقیقات کر رہے ہیں اور انہیں پانچ جولائی 2023 کو ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔

اہلکار کے مطابق، دونوں کسان بھائیوں نے بی جے پی لیڈر گنا شیکھر پر ان کی زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ حکام نے خط میں لکھا کہ 'کرشنن کی شکایت کے بعد، 2020 میں گنا شیکھر کے خلاف فوجداری مقدمہ شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد کرشنن اور گنا شیکھر کے درمیان جاری زمین کے تنازع کی وجہ سے اسے گرفتار کر کے بعد میں عدالتی حراست میں رکھا گیا تھا۔ مقدمہ فی الحال اٹور عدالت میں فیصلے کا منتظر ہے۔

  • کسانوں نے دھمکی دینے کا الزام لگایا

کسانوں نے الزام لگایا ہے کہ جب وہ چنئی کے شاستری بھون میں ایجنسی کے دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہوئے تو ای ڈی اہلکاروں نے انہیں دھمکیاں دیں۔ آئی آر ایس افسر نے خط میں لکھا کہ 'یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح ای ڈی بی جے پی کا ایک ونگ بن گئی ہے۔ وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نرملا سیتا رمن نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو کامیابی کے ساتھ بی جے پی پولیس انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔' انہوں نے خط میں لکھا کہ 'میرا خاندان بنیادی طور پر کسان ہے۔ اگرچہ میرے والد میڈیکل ڈاکٹر تھے، ہم کھیتی باڑی کو کسی بھی دوسرے کام سے زیادہ باوقار سمجھتے ہیں۔ سرکاری ملازمت میں آنے سے پہلے میں اپنی آبائی زمین پر کھیتی باڑی کرتا تھا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد کھیتی باڑی کروں گا۔

افسر نے کہا کہ اپنی 30 سال کی سروس میں انہوں نے کبھی کسی سیاستدان کو کسی احسان کے لیے ان پر دباؤ ڈالتے نہیں دیکھا۔ انہوں نے لکھا کہ 'عام طور پر وہ دہلی کے ذریعے اثر و رسوخ استعمال کریں گے۔ جیسا کہ مندرجہ بالا واقعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب صورت حال بدل چکی ہے۔ اس صورت حال کے لیے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن براہ راست ذمہ دار ہیں۔ سیتا رمن بھارت کی وزیر خزانہ بننے کے لیے نااہل ہو گئی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ 'میں بھارت کی معزز صدر جمہوریہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وزیر خزانہ کو فوری طور پر برطرف کریں۔ غریب دلت کسانوں کو انصاف فراہم کریں اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو بچائیں۔'

مزید پڑھیں: ای ڈی، بی جے پی کی شاخ بنی ہوئی ہے، محبوبہ مفتی

Mamata Banerjee ریاستی وزیر جیوتری پریہ ملک کے گھر پر ای ڈی کے چھاپہ پر ممتا بنرجی برہم

جھارکھنڈ کے وزیراعلی کو ای ڈی کا ساتویں مرتبہ نوٹس

دہلی وقف بورڈ کے دفتر میں ای ڈی کا چھاپہ

ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے افسر بالا مروگن نے کہا کہ 'پہلے ای ڈی میں ایماندار افسران کی تقرری کی جاتی تھی۔ اس کے علاوہ ہم پر سیاستدانوں کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔ اس وقت غریب دلت کسان کن نین اور کرشنن کے پاس 6.5 ایکڑ زمین ہے، لیکن وہ پچھلے چار برسوں سے اس زمین پر کھیتی نہیں کر پا رہے ہیں۔ وہ اس کے لیے بی جے پی کے ایگزیکٹو گنا شیکھر کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔ ای ڈی نے جس طرح سے اس زمین کے لیے سمن جاری کیا وہ ٹھیک نہیں ہے۔ نرملا سیتا رمن کے وزیر خزانہ بننے کے بعد سے ایسے واقعات پیش آ رہے ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.