ETV Bharat / state

دنگل گرل نے ٹویٹر اکاؤنٹس ڈی ایکٹیویٹ کیوں کیا؟

author img

By

Published : May 30, 2020, 1:57 PM IST

زائرہ وسیم
زائرہ وسیم

ریگستانی ٹڈیوں کے فصلوں اور باغوں پر حملوں کو ایک قرآنی آیت کے حوالے سے جواز بخشنے پر سابق بالی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم کو سوشل میڈیا پر زبردست تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انہیں ٹویٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس غیر متحرک کرنے پڑے ہیں۔

بتادیں کہ انہوں نے چند روز قبل اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر قرآن کی ایک آیت شئیر کی تھی جس کا سہارا لے کر وہ بظاہر یہ کہنا چاہتی تھیں کہ گمراہوں پر ٹڈیوں کے جھنڈ کا حملہ آور ہونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عذاب ہے۔

زائرہ وسیم کا یہ سوشل میڈیا پوسٹ نہ صرف گرم بحث و مباحثے کا موضوع بن گیا تھا بلکہ اس پر مذمتی اور تنقیدی تحریوں کا اس قدر سیلاب امڈ آیا کہ انہیں اپنے ٹویٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس غیر متحرک کرنے پڑے۔

اگرچہ بعض سوشل میڈیا صارفین نے حمایتی تحریروں سے ان کی حمایت کی لیکن تنقید کرنے والوں کی تعداد زیادہ تھی۔

ایک ٹویٹر صارف نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا: 'میں زائرہ وسیم کو پسند کرتا ہوں لیکن ان کی یہ بات بالکل بے مزہ ہے۔ لوگ ٹڈیوں، سیلابوں اور کووڈ سے پریشان ہیں اور وہ اس کو اللہ کی طرف سے سزا قرار دے رہی ہیں'۔

زائرہ وسیم
زائرہ وسیم

زائرہ وسیم کے ٹویٹر پر قریب پونے دو لاکھ صارفین انہیں فالو کرتے تھے جبکہ وہ خود صرف 78 صارفین کو ہی فالو کرتی تھیں۔ ان کے انسٹاگرام پر قریب آٹھ لاکھ فالورس تھے جبکہ وہ خود کسی کو بھی فالو نہیں کرتی تھیں۔

تاہم زائرہ وسیم نے اپنے فیس بک پیج، جس پر ان کے زائد از دو لاکھ 80 ہزار فالورس ہیں، کو یہ رپورٹ فائل کئے جانے تک غیر متحرک نہیں کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم نے سال گذشتہ کے جون میں بالی وڈ کی دنیا سے اچانک کنارہ کشی کرکے لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا تھا۔

انیس سالہ زائرہ وسیم جنہوں نے اپنے مختصر فلمی کیریئر کے دوران تین بالی وڈ فلموں 'دنگل، سیکرٹ سوپر سٹار اور دی سکائی از پنک میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، نے فلمی دنیا کو خیر باد کہنے کا اعلان اپنے تمام سوشل میڈیا کھاتوں پر اپنی ایک طویل تحریر میں کیا تھا۔

انہوں نے تب اپنے فیصلے کو صحیح ثابت کرنے کے لئے بھی قرآن کی متعدد آیات، پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور خلیفہ دوم حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اقوال کا سہارا لیا تھا۔

زائرہ وسیم گذشتہ ایک برس سے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر دین اسلام کے متعلق مواد ہی اپ لوڈ کرتی تھیں۔ اس دوران بیچ بیچ میں انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر بھی کھل کر لکھا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان سے ٹڈیوں کے بڑے بڑے جھنڈ مغربی اور وسطی ہندوستان میں داخل ہوگئے ہیں اور فصلوں کو تباہ کررہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی تنظیم برائے خوراک اور زراعت کے مطابق 40 لاکھ ٹڈیوں کا ایک جھنڈ 35 ہزار افراد کی خوراک تباہ کرسکتا ہے۔ ہوا میں اڑنے والی ان ٹڈیوں کا ایک جھنڈ دس ارب ٹڈیوں پر مشتمل ہوسکتا ہے جو سینکڑوں کلو میٹر رقبے میں پھیل سکتی ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.