ETV Bharat / state

Hurriyat on detained member: حریت نے حراست میں لیے گئے افراد سے لا تعلقی کا اظہار کیا

author img

By

Published : Jul 10, 2023, 7:36 PM IST

a
a

علیٰحدگی پسند تنظیم کُل جماعتی حریت کانفرنس نے پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے افراد سے یہ کہہ کر لا تعلقی کا اظہار کیا ہے کہ ’’وہ حریت کے ارکان یا نمائندوں کے طور پر نہیں بلکہ ذاتی طور پر عید ملن تقریب میں شریک ہوئے تھے، جس کا نہ تو حریت کو علم اور نہ ہی کوئی تعلق۔‘‘

سرینگر (جموں و کشمیر): علیحدگی پسند تنظیم کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے ایک بیان میں سرینگر پولیس کے اُس بیان کے حوالہ سے وضاحت کی ہے جس میں جموں و کشمیر پولیس کے ٹویٹ کے مطابق ’’حیرت کانفرنس کے چند ارکان کو پولیس نے اتوار کو سرینگر کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا ہے - جہاں وہ عید ملن کے ظہرانے میں شرکت کے لیے گئے تھے۔‘‘ پیر کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ وہ ’’یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جو لوگ عید ملن تقریب میں شریک ہوئے تھے وہ اپنی انفرادی حیثیت سے وہاں پر موجود تھے نہ کہ بطور حریت کے ارکان یا نمائندے کے طور پر۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’یہ کوئی حریت کانفرنس کا واقعہ نہیں ہے اور نہ ہی حریت قیادت کو اس کا کوئی علم ہے، دراصل ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہی حریت کو اس واقعے کے تعلق سے جانکاری حاصل ہوئی۔ لہٰذا اس سلسلے میں حریت کانفرنس کو اس واقع سے منسوب کرنا محض قیاس اور سراسر بے بنیاد ہے۔‘‘ واضح رہے کہ اتوار کو جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ’’کالعدم علیحدگی پسند تنظیم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے تین درجن سے زائد ارکان کو سرینگر شہر میں واقع ایک ریستوراں سے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: Attempt of Revival of separatism in Kashmir: علیٰحدگی پسندی کی بحالی کے الزام میں درجنوں افراد حراست میں

سرینگر پولیس نے اس پیش رفت کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا تھا ’’سرینگر کے ایک ہوٹل میں جے کے ایل ایف کے چند سابق عسکریت پسندوں اور سابق علیحدگی پسندوں کی ایک میٹنگ کے بارے میں مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ان سابق عسکریت پسندوں کو تصدیق کے لیے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن لایا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ جے کے ایل ایف اور حریت کانفرنس کو دوبارہ فعال کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔‘‘ پولیس نے جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں مولانا مسرور عباس انصاری، مولانا سعید الرحمن شمس، فردوس احمد شاہ، محمد رفیق پہلو اور محمد یاسین بٹ کے نام قابل ذکر ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.