ETV Bharat / state

Anjuman auqaf tribute to karbala martyrs: امام حسین کی قربانی تاریخ کا ایک شاندار باب، انجمن اوقاف

author img

By

Published : Jul 28, 2023, 7:31 PM IST

امام حسین کی قربانی تاریخ کا ایک شاندار باب، انجمن اوقاف
امام حسین کی قربانی تاریخ کا ایک شاندار باب، انجمن اوقاف

امام عالی مقام اور شہداء کربلا کی قربانی کو اسلام اور انسانیت کی تاریخ کا ایک شاندار باب قرار دیتے ہوئے انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک بار پھر تنظیم کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ Anjuman auqaf pays tribute to karbala martyrs

سرینگر (جموں و کشمیر) : انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے گزشتہ چار سال سے اپنے ہی گھر میں نظر بند رکھے گئے انجمن کے سربراہ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی جانب سے شہداء کربلا بالخصوص حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ - جو حضرت پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے بھی ہیں - کی عظیم اور تاریخی قربانیوں کے لئے انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انجمن نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ ’’حضرت امام عالی مقام رضی اللہ عنہ نے دین اسلام کے بنیادی عقائد، تعلیمات اور اصولوں کی حفاظت کیلئے10 محرم الحرام61ھ میں اپنے بہادر اور جانثار ساتھیوں کے ساتھ جو قربانی پیش کی وہ تا صبح قیامت پوری انسانیت کی رہنمائی کرتی رہے گی۔‘‘ بیان میں انجمن کہا گیا کہ ’’حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے ظالموں کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کرتے ہوئے ایک ایسی مثال قائم کی جو حق و صداقت کے لئے جد و جہد کرنے والوں کے لیے قیامت تک مشعل راہ کا کام دے گی، کیونکہ امام عالی مقام کی کربلا کے تپتے ہوئے صحرا میں دی گئی قربانی اسلام اور انسانیت کی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے۔‘‘

انجمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’حضرت امام حسین رضی اللہ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہر قسم کی باطل، سامراجی اور طاغوتی قوتوں کے خلاف مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہ کر حق و صداقت کا پرچم بلند کرتے رہیں۔ اس دوران میرواعظین کشمیر کی صدیوں پر محیط روایت10 محرم الحرام کو آستانہ عالیہ الم صاحب نرورہ، سرینگر میں وعظ و تبلیغ مجلس کے دوران فلسفہ شہادت اور واقعات کربلا پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کرنے کی جو روایت رہی ہے بدقسمتی سے میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق صاحب کی مسلسل نظر بندی کے سبب امسال بھی ممکن نہیں ہے۔‘‘

مزید پڑھیں: 'حضرت عباس علمبردار کو سینہ زنی کر یاد کیا گیا'

بیان میں انجمن نے آج ایک بار پھر اس امر پر سخت فکر و تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ’’سربراہ انجمن میرواعظ کشمیر جناب ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو حکام کی جانب سے گزشتہ چار سال سے غیر اخلاقی اور غیر قانونی طور پر مسلسل خانہ نظر بند رکھا گیا ہے۔ وہیں لگاتار 205واں جمعتہ المبارک ہے جب میرواعظ کو نہ تو متبرک محرم الحرام کے مہینہ میں نماز جمعہ جیسا اہم فریضہ اور نہ ہی اپنی منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کی اجازت دی گئی جو حد درجہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔‘‘

انجمن نے یاد دلایا کہ ’’جناب میرواعظ کی رہائی کے تعلق سے عوامی، مذہبی، سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کے حلقوں کی جانب سے مسلسل رہائی کے مطالبے کے باوجود اس پر عمل نہ کیا جانا نہ صرف المیہ ہے بلکہ جمہوریت اور انصاف پسند قوتوں کیلئے ایک چیلنج ہے۔‘‘

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.