ETV Bharat / state

Shopian Kapal Mochan Shradh : ’کپال موچن‘ میں سینکڑوں کشمیری پنڈتوں کی شرکت

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 1, 2023, 8:37 PM IST

’کپال موچن‘ میں سینکڑوں کشمیری پنڈتوں کی شرکت
’کپال موچن‘ میں سینکڑوں کشمیری پنڈتوں کی شرکت

حادثاتی طور اور کم عمری میں ہی فوت ہونے والے اعزہ و اقارب کی آتماؤں کی شانتی کے لئے ہر سال کشمیری پنڈت شوپیاں میں شراد اور ہون کا اہتمام کرتے ہیں۔ Pandits perform Kapal Mochan Shradh at Nagbal Shopain

’کپال موچن‘ میں سینکڑوں کشمیری پنڈتوں کی شرکت

شوپیاں: کشمیری پنڈتوں نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ناگہ بل میں تیرتھ راج استھاپن کپال موچن (ہون) کا انعقاد کیا۔ ہندو دھرم کے مطابق یہ شراد شروان ماہ کی 12ویں کو انجام دیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں یہاں ہَون کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں کشمیری پنڈتوں نے شرکت کی۔ یہ شراون دو روز تک جاری رہا جس میں مقامی مسلم برادری نے روایتی مذہبی ہم آہنگی کی مثال کو قائم رکھتے ہوئے پنڈتوں کو استقبال کیا۔

شراد میں شرکت کرنے آئے کشمیری پنڈتوں نے کہا کہ شراد اور ہَون میں شرکت کرنے کی غرض سے جموں سمیت ملک کے دیگر حصوں کے علاوہ وادی کشمیر کے دور دراز علاقوں سے کشمیری پنڈت پہاڑی ضلع شوپیاں کے ناگہ بل کا رخ کرتے ہیں، جہاں مقامی مسلم برادری کشمیری پنڈتوں کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کرتی ہے اور کشمیری پنڈت یہاں سالانہ ہون کا اہتمام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری پنڈت دو روز تک کپال موچن تہوار میں شراد کے ساتھ ساتھ ہون اور خصوصی پوجا پاٹ بھی انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’یہ ہون مذہبی ہم آہنگی، رواداری، بھائی چارے کی ایک زندہ مثال ہے۔‘‘ ناگہ بل، شوپیاں گاؤں رمبی آرہ نالے کے کنارے پر واقع ہے اور شوپیاں صدر مقام سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کشمیری پنڈتوں نے کہا وہ ناگہ بل شوپیاں میں’’کپال موچن شرادھ‘‘ میں حصہ لینے کے لیے جمع ہوئے ہیں، جو کہ غیر فطری یا کم عمری میں فوت ہونے والوں کی آتما (روح) بالخصوص ان بچوں کی جو حادثاتی طور پر اپنی جان کھو دیتے ہیں، کی آتماؤں کی شانتی کے لیے ایک سالانہ رسم ہے اور رسم صدیوں سے چلی آ رہی ہے جس سے اس طرح مرنے والوں کی آتماؤوں کو شانتی اور مُکتی ملتی ہے۔

مزید پڑھیں: Kashmiri Pandits Celebrate Birthday of Anant Bhagwan کشمیری پنڈتوں نے اننت بھگوان کا جنم دن منایا

ایک مقامی مسلم باشندے، جو اس ہون میں موجود تھے، نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ’’یہاں شراد میں شرکت کرنے آئے کشمیری پنڈت ہمارے بچپن کے ساتھ ہیں، اور ان ہی کے ساتھ ہم نے بچپن سے لیکر جوانی تک کا وقت گزارا ہے، ان دنوں یہاں ہون کے موقع پر برابر ایک ہفتہ تک جشن ہوا کرتا تھا اور اس تہوار کی الگ ہی رونق ہوا کرتی تھی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مقامی مسلمان بھی اس تہوار کا احترام کرتے ہیں اور پنڈتوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔‘‘ شراد کے موقع پر ایک بار پھر کشمیر کی روایتی مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی مثال دیکھنے کو ملی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.