ETV Bharat / state

گرو نانک دیو یونیورسٹی 25ویں بار مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی سے سرفراز

author img

By UNI (United News of India)

Published : Dec 20, 2023, 9:43 PM IST

Guru Nanak Dev University won Maulana Abul Kalam Azad Trophy for the 25th time
گرو نانک دیو یونیورسٹی 25ویں بار مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی سے سرفراز

MAKA Trophy 2023 مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی ہر سال وزارت کھیل کی طرف سے کھیلوں کے میدان میں ملک کی بہترین کارکردگی دکھانے والی یونیورسٹی کو دی جاتی ہے۔

امرتسر: گرو نانک دیو یونیورسٹی نے اپنی 54 سالہ تاریخ میں 25 ویں بار ہندوستانی کھیلوں کی سب سے باوقار مولانا ابوالکلام آزاد (ایم اے کے اے) ٹرافی جیت کر ایک بار پھر تاریخ رقم کی ہے۔ گرو نانک دیو یونیورسٹی ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جو 9 جنوری 2024 کو راشٹرپتی بھون میں ملک کے صدر سے 25ویں مرتبہ مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی وصول کرے گی۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) جسپال سنگھ سندھو یہ ٹرافی 9 جنوری کو ملک کی صدر دروپدی مرمو سے وصول کریں گے۔ ماکا ٹرافی جیتنے پر یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہوں کے علاوہ پنجاب کے وزیراعلی بھگونت سنگھ مان، اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھوان، وزیر تعلیم ہرجیت سنگھ بینس، کابینہ کے وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال اور دیگر اہم شخصیات نے گرو نانک کے دیو یونیورسٹی کی کارکردگی پر وائس چانسلر ڈاکٹر جسپال سنگھ سندھو کو مبارکباد دی۔

ماکا ٹرافی کے حصول کا کریڈٹ کھلاڑیوں، کوچز اور قابل منتظمین کو دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر سندھو نے کہا کہ یونیورسٹی کھیلوں کو فروغ دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کیمپس میں ہاکی آسٹرو ٹرف، سوئمنگ پول، ویلڈروم، انڈور ہال، فٹ بال گراؤنڈ، شوٹنگ رینج (10 میٹر، 25 میٹر، 50 میٹر)، باسکٹ بال گراؤنڈ، کھو کھو/ کبڈی گراؤنڈ، تیر اندازی، والی بال گراؤنڈ، ورلڈ کلاس ٹینس کورٹ کا بنیادی ڈھانچہ کھلاڑیوں کے لیے دستیاب ہے۔

یونیورسٹی کھلاڑیوں کو سال بھر مفت داخلہ، رہائش، تربیت، کوچنگ کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا سامان سمیت مختلف سہولیات فراہم کرتی ہے۔ یونیورسٹی کے جیتنے والے کھلاڑیوں کو ہر سال تقریباً 2 کروڑ روپے کا نقد انعام بھی دیا جاتا ہے۔ یہ ٹرافی ہر سال نوجوانوں کے امور اور کھیل کی وزارت، حکومت ہند کی طرف سے کھیلوں کے میدان میں ملک کی بہترین کارکردگی دکھانے والی یونیورسٹی کو دی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ وزارت کھیل کی جانب سے بدھ کو سال 2023 کے لیے قومی کھیل ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔ جس میں محمد شامی سمیت 26 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ اور بیڈمنٹن جوڑی چراغ شیٹی اور ستوک سائراج رنکیریڈی کو میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ 2023 سے نوازا جائے گا۔ (یو این آئی)

یہ بھی پڑھیں

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.