ETV Bharat / state

نانا پٹولے، کانگریس ہائی کمان سے ملیں گے

author img

By

Published : Feb 3, 2021, 9:29 PM IST

مہاراشٹر میں پردیش کانگریس کمیٹی صدر کے عہدہ کے لیے ممکنہ ناموں کو لے کر رسہ کشی جاری ہے جبکہ اس دوڑ میں اسمبلی کے اسپیکر نانا پٹولے کا نام سب سے آگے ہے۔

Nana Patole talks with Congress High Command today
نانا پاٹولے کی آج کانگریس ہائی کمان سے بات چیت

ذرائع کے مطابق اسمبلی کے اسپیکر نانا پٹولے دہلی میں کانگریس ہائی کمان سے ملاقات کریں گے اور اپنی بات رکھیں گے۔ صدارت کے عہدہ کو لے کر جاری رسہ کشی میں کمی آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے مہاراشٹر میں پارٹی کے انچارج ایچ کے پاٹل کو نیا صدر منتخب کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ اس سلسلہ میں قبل ازیں دہلی میں سینئر رہنماؤں کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد ہوا لیکن ابھی تک کسی کے نام پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

ریاستی وزیر بالا صاحب تھورات نے بھی پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کے انتخاب میں ہو رہی دیری پر برہمی ظاہر کی ہے۔ گزشتہ دنوں ایچ کے پاٹل نے پارٹی کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی تھی تاہم ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا اور ابھی بھی سسپینس برقرار ہے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کانگریس ہائی کمان کی جانب سے بہت جلد نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا اور اگر اسمبلی کے اسپیکر نانا پٹولے کو پردیش کانگریس کا صدر منتخب کیا جاتا ہے تو انہیں اسپیکر کا عہدہ چھوڑنا ہوگا۔ تاہم کانگریس کے دیگر ارکان اسمبلی اسپیکر کا عہدہ حاصل کرنے کو کوشاں ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سریش ورپوڈکر، سنگرام تھوپٹے، قبائلی ترقیاتی وزیر کے سی پڑوی اور سابق وزیراعلی پرتھوی راج چوان سمیت متعدد رہنما اس عہدہ کے خواہشمند ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ بھی چرچا کی جارہی ہے کہ مہا وکاس آگھاڑی حکومت کے قیام کے بعد پرتھوی راج چوہان کو اسپیکر بنانے پر غور و خوص کیا گیا تاہم اس وقت این سی پی نے اس کی مخالفت کی تھی جس کی وجہ سے پرتھوی راج چوہان کو یہ کرسی نہ مل سکی۔ نانا پٹولے کے ریاستی صدر بننے کے بعد خالی ہونے والے عہدہ کےلیے ایک مرتبہ پھر پرتھوی راج چوہان کا نام موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.