ETV Bharat / state

لیہہ میں انتخابی مہم اختتام پذیر

author img

By

Published : Oct 20, 2020, 7:46 PM IST

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں 22 اکتوبر یعنی جمعرات کو ہونے والے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے انتخابات کے لئے امیدواروں کی انتخابی مہم منگل کی شام چار بجے اختتام پذیر ہوگئی۔

Election campaign ends in Leh
لیہہ میں انتخابی مہم اختتام پذیر

کونسل کی 26 نشستوں کے لئے 94 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس نے سبھی نشستوں کے لیے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ تاہم نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی ان انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی ہیں۔
لداخ میں کونسل کے انتخابات کی تاریخ میں پہلی بار بی جے پی کے سرکردہ لیڈران بشمول جی کشن ریڈی، مختار عباس نقوی، کرن رجیجو اور انوراگ ٹھاکر نے اپنی جماعت کے امیدواروں کے لئے انتخابی مہم چلائی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کونسل کے انتخابات میں رائے دہندگان کی تعداد 89 ہزار ہے جن کے لئے 204 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ لیہہ سچن کمار ویشیا، جو ان انتخابات کے چیف الیکٹورل افسر ہیں، نے منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتایا: 'ووٹ ڈالنے کا عمل صبح آٹھ بجے سے چار بجے تک جاری رہے گا'۔
ان کا مزید کہنا تھا 'انتخابی مہم آج شام چار بجے اختتام کو پہنچی ہے۔ یعنی اگلے 48 گھنٹوں کے دوران الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضوابط کے مطابق کسی جماعت یا امیدوار کو کسی قسم کی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس سلسلے میں میرے دفتر سے دفعہ 144 کے نفاذ کا ایک نوٹیفکیشن بھی جاری ہوا ہے'۔
سچن کمار نے کہا کہ کونسل کے انتخابات کے لئے 294 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا 'دو پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جہاں تک کوئی سڑک رابطہ نہیں ہے۔ آج ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پولنگ عملے کو وہاں بھیج دیا گیا۔ اب تک 122 پولنگ اسٹیشنوں کے لئے انتخابی عملہ روانہ ہو چکا ہے۔ بدھ کو مزید 172 پولنگ اسٹیشنوں کے لئے عملے کو روانہ کر دیا جائے گا'۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.