ETV Bharat / state

Three Killed in Road Accidents Across Kashmir: راجوری میں کشتواڑ سڑک حادثات، تین افراد ہلاک، چار لوگ زخمی

author img

By

Published : Jun 15, 2023, 2:31 PM IST

a
a

صوبہ جموں کے راجوری اور کشتواڑ اضلاع میں دلدوز سڑک حادثات میں تین افراد کی موت واقع ہو گئی۔ فوت ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

سرینگر (جموں و کشمیر): صوبہ جموں کے پہاڑی ضلاع - راجوری اور کشتواڑ - میں جمعرات کی صبح دو الگ الگ سڑک حادثات میں 2 خواتین سمیت 3 کی موت واقع ہو گئی۔ ان سڑک حادثات میں ایک کمسن سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں سموت سے ترگائی جا رہی ایک آلٹو گاڑی جمعرات کی صبح ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 2 خواتین کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک بچی سمیت تین دیگر زخمی ہو گئے۔

سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثہ پیش آتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے اور بچائو آپریشن شروع کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ان کو گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا۔ متوفی خواتین کی شناخت 40 سالہ ایشا زوجہ محمد نذیر اور شہناز اختر زوجہ محمد الطاف شاہ جبکہ زخمیوں کی شناخت 50 سالہ ایوب شاہ ولد غلام نبی شاہ، 65 سالہ محمد اکبر شاہ ولد مہندی شاہ اور دس سالہ بچی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

مزید پڑھیں: Kishtwar Road Accident کشتواڑ سڑک حادثہ میں ایک ہلاک دو زخمی

دریں اثنا، کشتواڑ کے سنتھن ٹاپ پر جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک مسافر کی موت جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ سے کشتواڑ جا رہی ایک نجی گاڑی جمعرات کی صبح قریب پونے 8 بجے سنتھن ٹاپ سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں ایک مسافر کی موت جبکہ اس کا دوسرا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ متوفی کی شناخت لطیف احمد ملک ساکنہ اننت ناگ جبکہ زخمی کی شناخت عامر الیاس وانی ولد الیاس احمد وانی ساکنہ اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمی کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.