ETV Bharat / state

برنگ کوکرناگ کو سونے کا تاج کیوں کہا گیا ہے

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 9, 2023, 6:05 PM IST

کشمیر کے علاقے کوکرناگ کو سونے کا تاج بھی کہا جاتا ہے، کوکرناگ کی بلند پہاڑیوں پر موجود گلیشیرز اور لا تعداد قدرتی چشموں کا ملاپ ایک بڑی ندی کی شکل اختیار کرتا ہے جسے نالہ برنگی کہا جاتا ہے، اس کے پانی سے نہ صرف لاکھوں افراد کی پیاس بجھتی ہے بلکہ یہ ہزاروں کنال اراضی کو بھی سیراب کرتی ہے۔ The Golden Crown of Kashmir

The Golden Crown of Kashmir
برنگ کوکرناگ کو سونے کا تاج کیوں کہا گیا ہے

برنگ کوکرناگ کو سونے کا تاج کیوں کہا گیا ہے

اننت ناگ: یہ عیاں ہے کہ وادئے کشمیر کا ذرہ ذرہ قدرتی خوبصورتی سے مالامال ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں کے منفرد سیاحتی مقامات کو پوری دنیا میں شہرت حاصل ہے۔ ضلع اننت ناگ کا کوکرناگ علاقہ وادی کشمیر میں ایک ایسا وسیع اور مخصوص سیاحتی علاقہ ہے جسے دی گولڈن کراون آف کشمیر(سونے کا تاج) کا خطاب دیا گیا ہے۔

کوکرناگ اننت ناگ کا سب ضلع ہے اور یہ نوٹیفائڈ ایریا کمیٹی وادئے برنگ میں آتا ہے، اس کے وسط میں ایک ندی بہتی ہے جسے برنگی نالہ کہا جاتا ہے، کوکرناگ ضلع صدر مقام اننت ناگ سے 27 جبکہ گرمائی دارالحکومت سرینگر سے تقریبا 75 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔

بلند پایہ شخصیات نے بھی کوکرناگ کا ذکر کیا ہے، شیخ العالم (رحمت اللہ علیہ) نے کوکرناگ کا دوسرا نام برنگ رکھا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ برنگ چُھو سُنہ سُند پرنگ یعنی کوکرناگ سونے کا تاج ہے۔ وہیں مغل دور سلطنت کے وزیر اور قلمکار ابو الفضل نے اپنی کتاب آئین اکبری میں کوکرناگ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کوکرناگ کا پانی پیاس اور بھوک دونوں کو مٹاتا ہے اور یہ پانی نظام ہاضمہ کے لئے کافی مفید ہے۔

دراصل کوکرناگ کو قدرت نے بے شمار بیش قیمتی نعمتوں سے نوازا ہے، یہاں کے سر سبز جنگلات میں نایاب جڑی بوٹیوں کے سینکڑوں اقسام پائے جاتے ہیں، محکمہ جنگلات کی جانب سے ناگڈنڈی کے جنگلات میں جڑی بوٹیوں کی نرسری بھی قائم کی ہے، ان جڑی بوٹیوں کو بیرونی ریاستوں کو برآمد کرکے مختلف ادویات تیار کی جاتی ہیں۔

یہاں کا صاف و شفاف پانی نہ صرف نظام ہاضمہ کیلئے بلکہ رینبو ٹراوٹ جیسے اعلی کوالٹی کی مچھلیوں کی نشو نما کے لئے موزوں مانا جاتا ہے۔ ٹراوٹ کلچر کو فروغ دینے میں کوکرناگ کا ایک اہم کردار ہے، یہاں ایشیا کا سب سے بڑا ٹراوٹ فش اور بریڈنگ فارم موجود ہے، جہاں سے نہ صرف رینبو ٹراوٹ مچھلیوں بلکہ مچھلی کے لاکھوں انڈوں کو بیرونی ریاستوں اور کئی ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے۔ ٹراوٹ کلچر کو فروغ ملنے کے بعد نجی سطح پر یہاں متعدد فارمز قائم ہیں جو یہاں کی ذرائع آمدن کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔

سرسبز جنگلات اور گھاس کے میدانوں کی وجہ سے کوکرناگ کے ڈکسُم میں ایک وسیع سرکاری شیپ فارم بھی موجود ہے، جس سے کوکرناگ علاقہ کی بیشتر آبادی میں بھیڑ پالنے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ قدرت نے زرعی اعتبار سے بھی کوکرناگ کی مٹی کو زرخیز بنایا ہے، یہاں کی اراضی میں مُشک بدجی نامی نایاب چاول کی کاشت ہوتی ہے، یہ وہ خوشبودار چاول ہے جسے بڑے ہوٹلوں اور تقاریب و شادیوں میں شوق سے استعمال کیا جاتا ہے، یہی نہیں بلکہ بیرونی ریاستوں میں بھی اس کی مانگ بڑھ رہی ہے۔

کوکرناگ کی بلند پہاڑیوں پر موجود گلیشیرز اور لا تعداد قدرتی چشموں کا ملاپ ایک بڑی ندی کی شکل اختیار کرتا ہے جسے نالہ برنگی کہا جاتا ہے، اس کے پانی سے نہ صرف لاکھوں افراد کی پیاس بجھتی ہے بلکہ یہ ہزاروں کنال اراضی کو بھی سیراب کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:

سیاحت کے اعتبار سے بھی کوکرناگ ایک ایسا منفرد اور جاذب نظر سیاحتی مقام بھی ہے جو ہر موسم میں سیاحوں کے لئے موزوں جگہ ہے، سینکڑوں اقسام کے پھولوں متعدد سرسبز چناروں، بہتے قدرتی چشمہ کی بدولت یہاں کے مغل گارڈن کو ایک خاص حیثیت حاصل ہے۔ وہیں ڈکسم، سنتھن ٹاپ، مرگن ٹاپ جیسے خوبصورت مقامات کوکرناگ کی خوبصورتی کو مزید دوبالا کرتی ہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ برنگ علاقہ کے لوگ نرم دل اور خوش مزاج اور مہمان نواز ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.