ETV Bharat / state

ہاتھرس سانحہ: یوگی آدتیہ ناتھ کا پتلا نذر آتش

author img

By

Published : Oct 1, 2020, 5:49 PM IST

اترپردیش کے ہاتھرس میں اجتماعی جنسی زیادتی کے بعد دلت لڑکی کے قتل کے خلاف ہریانہ کے حصار، ہانسی، فتح آباد، رتیا اور بروالا سمیت مختلف مقامات پر مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے پتلے نذر آتش کیے۔

protesters burnt yogi adityanath's effigy in hisar haryana
ہاتھرس سانحہ: یوگی آدتیہ ناتھ کا پتلا نذر آتش

ریاست ہریانہ کے ضلع حصار میں ایس یو سی آئی (کمیونسٹ) کے بینر تلے شہر میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور آئی جی چوک پر یوگی حکومت کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔

پارٹی کی ریاستی کمیٹی کے رکن اور ضلع سیکریٹری مہر سنگھ بانگڑ نے اس موقع پر کہا کہ اجتماعی جنسی زیادتی اور درندگی کے اس واقعے کے قصورواروں کو ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے پہلے تو گرفتار نہیں کیا اور پھر متاثرہ کی موت ہونے پر والدین اور اہل خانہ کی رضامندی کے بغیر رات کے اندھیرے میں پولیس نے زبردستی اس کی آخری رسومات ادا کیں۔

protesters burnt yogi adityanath's effigy in hisar haryana
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مرضی کے بغیر کبھی بھی ایسا نہیں ہوسکتا تھا۔ اس طرح اترپردیش حکومت نے خود ہی متاثرین کے ساتھ ظلم کیا ہے اور قصورواروں کی ہمت بڑھائی۔

ایس یو سی آئی (کمیونسٹ) نے اس دوہرے جرم کی شدید مخالفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باڑ ہی کھیت کو کھانے لگے جیسا واقعہ اترپردیش میں پہلی مرتبہ پیش نہیں آیا ہے۔ یہ بالکل ناقابل برداشت ہے۔ پورے معاشرے کو اس کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ملک کے قانونی اور عدالتی اداروں سے اس پورے واقعے کو سنجیدگی کے ساتھ درج کرنے اور بہنوں اور بیٹیوں کی عزت اور جان کی حفاظت کے ساتھ شہری حقوق کا دفاع کرنے کی اپیل کی۔

اس موقع پر مظاہرین نے ’درندوں کو پھانسی دو‘، ’جسٹس ورما کمیشن کی سفارشات کو نافذ کرو ‘، شراب کے ٹھیکے بند کرو‘ اور 'فحاشی پر پابندی عائد کرو ‘ جیسے نعرے لگائے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.