ETV Bharat / state

Womens Reservation Bill in Lok Sabha سونیا گاندھی کی قیادت میں لوک سبھا میں خواتین ریزرویشن بل پر بحث ہوگی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 20, 2023, 11:44 AM IST

خواتین ریزرویشن بل کو نہ صرف مودی حکومت بلکہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے کی حکومت نے بھی 2008 میں لوک سبھا میں پیش کیا تھا۔ تاہم یہ بل دونوں ایوانوں میں منظور نہیں ہوسکا تھا۔ The Women's Reservation Bill, a long-standing initiative.

سونیا گاندھی
سونیا گاندھی

حیدرآباد: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی آج لوک سبھا میں خواتین کے ریزرویشن بل پر بحث کی قیادت کرنے والی ہیں۔ بی جے پی حکومت نے گذشتہ روز ہی ناری شکتی وندن ادھینیم بل متعارف کرایا ہے، یہ ایک تاریخی قانون ہے جس میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33% نشستیں محفوظ ہیں۔

خواتین کے ریزرویشن بل پر آج لوک سبھا میں بحث ہونے والی ہے، اجلاس صبح 11 بجے شروع ہوچکا ہے۔ بی جے پی نے ایوان میں اس بل پر بحث کرنے والوں کی ایک فہرست تیار کی ہے جو بل کے حق میں اپنے دلائل پیش کریں گے۔ اس فہرست میں قابل ذکر شخصیات میں نرملا سیتارمن، اسمرتی ایرانی، بھارتی پوار، اپراجیت سارنگی، سنیتا دگل، اور دیا کماری وغیرہ شامل ہیں۔

تاہم اپوزیشن نے اس بل کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بل کو 'انتخابی جملہ' قرار دیا ہے اور دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لیے ریزرویشن کی عدم موجودگی پر سوال اٹھایا ہے۔ کانگریس پارٹی کا دعویٰ ہے کہ مردم شماری اور حد بندی کے عمل کے مکمل ہونے تک خواتین ریزرویشن بل لاگو نہیں ہوگا۔

خواتین ریزرویشن بل ایک دیرینہ پہل ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت نے پہلی مرتبہ 2008 میں راجیہ سبھا میں یہ بل پیش کیا تھا، اور اسے 2010 میں کامیابی کے ساتھ منظور کیا گیا تھا۔ تاہم بھارت کے سیاسی منظر نامے میں خاطر خواہ تبدیلیاں لانے کی صلاحیت کے باوجود اس بل کی کبھی بھی لوک سبھا تک رسائی نہیں ہوسکی تھی۔ برسوں کے دوران یہ بل قومی سیاست میں ایک اہم مسئلہ رہا ہے، بی جے پی نے 2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں خواتین ریزرویشن بل کو لانے کے وعدے بھی کیے تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بل کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اراکین پر زور دیا ہے کہ وہ اسے متفقہ طور پر منظور کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ناری شکتی وندن ادھینیم بھارتی جمہوریت کو مزید مضبوط کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں قوم کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو ناری شکتی وندن ادھینیم کے لیے مبارکباد دیتا ہوں، میں قوم کی تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اسے بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مجوزہ قانون سازی جس میں پارلیمنٹ اور ریاستی مقننہ میں خواتین کے لیے 33 فیصد کوٹہ کا وعدہ کیا گیا ہے، 2029 تک نافذ نہیں ہو سکتا۔ خواتین کے کوٹہ کو صرف پہلی حد بندی یا دوبارہ ترتیب دینے کے بعد ہی نافذ کیا جا سکتا ہے۔ بل کے قانون بننے کے بعد حلقہ بندیوں کی تعداد، اگلی مردم شماری کے بعد 2027 میں نافذ ہونے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: راجیو گاندھی ہی خواتین ریزرویشن لائے تھے، ادھیرنجن چودھری

واضح رہے کہ خواتین ریزرویشن بل لوک سبھا کی بحث میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، یہ بھارتی سیاست اور صنفی مساوات کے لیے ایک اہم لمحہ بنا ہوا ہے، اس بل کی منظوری پر ملک بھر کی لاکھوں خواتین کی امیدیں اور خواہشات وابستہ ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.