ETV Bharat / state

ملک کا موڈ بی جے پی کے خلاف ہے، کانگریس

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 21, 2023, 10:29 PM IST

ملک کا موڈ بی جے پی کے خلاف ہے
ملک کا موڈ بی جے پی کے خلاف ہے

Mood of the country is against BJP کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی نے فوجداری انصاف سے متعلق تین نئے ضابطوں کو پارلیمنٹ میں پاس کرانے کے حکومتی طریقہ کار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مودی حکومت میں جمہوریت خطرے میں ہے۔

نئی دہلی: کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اندازہ ہے کہ اس وقت ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف ایک ماحول ہے اور اس ماحول کو عام انتخابات 2024 میں اپنے حق میں موڑنے کے لیے پارٹی لیڈر اور سابق صدر راہل گاندھی 'مشرق سے مغرب' تک یاترہ نکالیں گے۔

کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی نے فوجداری انصاف سے متعلق تین نئے ضابطوں کو پارلیمنٹ میں پاس کرانے کے حکومتی طریقہ کار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مودی حکومت میں جمہوریت خطرے میں ہے اور آئین کے تحت شہریوں کو ملی آزادی پر حملہ ہو رہا ہے۔ میٹنگ میں تمام ممبران نے کہا کہ پورے ملک کا موڈ اب بی جے پی کے خلاف ہے اور عوام کے اس موڈ کو دیکھ کر پارٹی کو پورا بھروسہ ہے کہ کانگریس اور انڈین اتحاد مودی کی تاناشاہی کے خلاف پوری طاقت سے لڑیں گے۔

میٹنگ کے نتائج کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے پارٹی کے جنرل سکریٹری تنظیم کے سی وینوگوپال نے میٹنگ کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈبلیو سی میں چار گھنٹے تک کئی موضوعات پر بات چیت ہوئی جس میں پارٹی نےعام انتخابات میں بی جے پی کو ہرانے کے لئے انڈیا اتحاد کے ساتھ پوری تیاری کے ساتھ اترنے کا عزم کیا ہے اور طے کیا ہے کہ پارٹی بی جے پی کے خلاف عوام کے موڈ کو سمت دینے کے لئے سابق صدر راہل گاندھی عام انتخابات سے قبل ملک کے مشرق سے مغرب تک کی یاترا نکالیں گے۔ اتحاد کے لیے رابطہ کمیٹی پہلے ہی تشکیل دی جاچکی ہے۔ کمیٹی سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اتحادی جماعتوں سے بات کرے گی۔

انہوں نے کہا، “میٹنگ میں پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں تلنگانہ میں کانگریس کی شاندار کامیابی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ان انتخابات کے نتائج سے مایوس نہیں ۔ ملک کے عوام کا مزاج بی جے پی مخالف ہے۔ حکومت کی جانب سے 146 ایم پی ایز کی پارلیمنٹ سے معطلی نے پیغام دیا کہ کیا صرف ایک ہی پارٹی ملک کو چلا سکتی ہے اور کیا یہی جمہوریت ہے؟

وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس اورانڈیا اتحاد بی جے پی کی پالیسیوں کے خلاف 2024 کے انتخابات ایک ساتھ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناگپور میں کانگریس کی ایک اہم ریلی پارٹی کی 138ویں جینتی پر منعقد کی جائے گی جس میں پارٹی کے تمام سینئر لیڈران موجود ہوں گے۔ ریلی میں پانچ لاکھ سے زائد افراد شریک ہوں گے۔

یواین آئی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.