ETV Bharat / state

Om Birla on Laws: ایسے قوانین بنائے جائیں جو تمام شہریوں کو حفاظت اور تحفظ فراہم کریں، اوم برلا

author img

By

Published : Feb 23, 2023, 8:49 PM IST

شمال مشرقی ریاستوں کی اقتصادی صلاحیت پر بات کرتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ سیاحت، قابل تجدید توانائی، نامیاتی کھیتی اور دستکاری کے میدان میں بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا

نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج گنگٹوک، سکم میں سی پی اےانڈیا ریجن کی 19ویں سالانہ زون3کانفرنس کا افتتاح کیا۔ سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ ، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، اروناچل پردیش قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر اور سی پی اے انڈیا ریجن زون-III کے صدر پاسنگ ڈی سونا ، سکم قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ارون کمار اپریتی، ہندوستان کے قانون ساز اداروں کے پریزائیڈنگ آفیسرز، اراکین پارلیمنٹ ، سکم اسمبلی کے اراکین اور دیگر معززین نے اس تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر جمہوریت میں بات چیت اور مذاکرات پر زور دیتے ہوئے برلا نے کہا کہ بحث اور بات چیت جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مقننہ کو عوام کے مسائل کے حل کے لیے ایک فورم کے طور پر باوقار گفتگو اور مباحثہ کا ایسا مرکز بننا چاہیے جس میں کوئی مداخلت نہ ہو۔ اسی صورت میں ہمارے عوام کا جمہوریت پر، جمہوری اداروں پر اعتماد بڑھے گا اور ہماری جمہوریت مضبوط ہوگی۔

کانفرنس کے لیے منتخب کیے گئے موضوعات پر بات کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ "سائبر بلینگ" آج کے تناظر میں بہت خطرناک ہے کیونکہ خاص طور پر نوجوان اس سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسے قوانین بنائے جائیں جو تمام شہریوں کو ہر طرح کی حفاظت اور تحفظ فراہم کرتے ہوں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال گورننس میں کارکردگی کو بہتر بنانے اور لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کیا جانا چاہیے، لیکن ساتھ ہی اداروں اور لوگوں کو اس کے نقصانات سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جانے چاہئیں ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس میں ہونے والی بحث اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک بہتر طریقہ کی طرف لے جائے گی اور اس کا بہتر نتیجہ نکلے گا۔

منشیات کا غلط استعمال اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مستقبل کے منصوبے' پر بات کرتے ہوئے، برلا نے کہا کہ منشیات کا استعمال ہماری نوجوان نسل کو متاثر کر رہا ہے۔ یہ مسئلہ صرف شمال مشرقی خطے کا نہیں، بلکہ پورے ہندوستان کا ہے۔ 20 اور 21 دسمبر 2022 کو پارلیمنٹ میں اس موضوع پر ہونے والی تفصیلی بحث کا حوالہ دیتے ہوئے برلا نے کہا کہ اس موضوع پر تفصیلی اور گہرائی سے بحث کے بعد ایوان سے یہ پتہ چلا کہ اراکین کو ایک جامع عوامی بیداری پیدا کرنی چاہیے۔ نوجوانوں کو تعلیم دینے کے لیے ملک بھر میں مہم چلائی جانی چاہئے۔ ہم ہندوستان میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے مسئلے کو ختم کرنے اور منشیات سے پاک ہندوستان بنانے کے لیے اجتماعیت کے جذبے سے کام کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوامی نمائندے اس سمت میں عوامی بیداری پیدا کریں گے اور معاشرے کے اندر نوجوانوں کو صحیح سمت دینے کے لیے کام کریں گے۔

پارلیمنٹ اور مقننہ کو عوام/شہریوں کے لیے زیادہ قابل رسائی بنانے کے موضوع پر بات کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ جس طرح سے پارلیمنٹ اور مقننہ اور عوام کے درمیان آئی ٹی کے استعمال کے ذریعے فعال شراکت میں اضافہ ہوا ہے وہ قابل ذکر ہے۔ لیکن ہمیں زیادہ فعال شرکت کرنی ہوگی۔ ڈیجیٹل پارلیمنٹ کا ذکر کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے مقننہ کے کام کو عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے ان سے بات چیت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے قانون سازی کے عمل میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت پر زور دیا تاکہ قوانین عوام کی امیدوں اور امنگوں کے مطابق بنائے جائیں۔

شمال مشرقی ریاستوں کی اقتصادی صلاحیت پر بات کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ سیاحت، قابل تجدید توانائی، نامیاتی کھیتی اور دستکاری کے میدان میں بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایسی حکمت عملی کا تصور کیا جانا چاہئے کہ ہم اس جگہ کے لوگوں کی صلاحیتوں کو قومی اور عالمی مارکیٹ سے کیسے جوڑ سکتے ہیں تاکہ یہ پورا خطہ ترقی کرسکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم اس خوشحال، ترقی یافتہ اور خود انحصار ہندوستان کی تعمیر کریں گے جس کا خواب ہمارے آئین بنانے والوں نے دیکھا تھا۔

  • یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کا کردار مثبت اور تعمیری ہونا چاہئے، لوک سبھا اسپیکر

    برلا نے مزید کہا کہ سی پی اے انڈیا ریجن کا زون 3 ایک بہت اہم پلیٹ فارم ہے۔ یہ ایک ایسا فعال زون ہے، جس میں شمال مشرقی خطے کے قانون سازوں کے ساتھ بہت سے موضوعات اور مسائل پر بات چیت اور مذاکرات ہوتے ہیں اور ان مباحثے کے ذریعے بہت سے موضوعات پر ایک مشترکہ حل نکلتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شمال مشرقی خطہ کی قانون ساز اسمبلیوں کے ذریعے اور عوامی نمائندوں کی مشترکہ کوششوں سے ان خطوں کی اقتصادی اور سماجی زندگی میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔

    یو این آئی ۔
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.