ETV Bharat / state

جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھارتیہ بھاشا اتسو منایا

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 8, 2023, 4:28 PM IST

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں بھارتیہ بھاشا اتسو منایا گیا۔ جس کا مقصد فیکلٹی کے اندر مختلف زبانوں کے تنوع کو بتانا اور ڈینٹسٹری کے میدان میں کئی زبانوں کے استعمال کو اجاگر کرنا ہے۔ Jamia Millia Islamia celebrated Bhartiya Bhasha Utsav

Jamia Millia Islamia celebrated Bhartiya Bhasha Utsav
Jamia Millia Islamia celebrated Bhartiya Bhasha Utsav

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ فیکلٹی آف ڈینٹسٹری کے طلبا اور اسٹاف نے آج انتہائی جوش وخروش کے ساتھ بھارتیہ بھاشا اتسو منایا۔ یہ پروگرام فیکلٹی آف ڈینٹسٹری کی ڈین پروفیسر (ڈاکٹر) کیا سرکار اور ان کی ٹیم ڈاکٹر ببیتا مینا اور ڈاکٹر شہناز کی رہنمائی و سرپرستی میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا مقصد فیکلٹی کے اندر زبانوں کے تنوع کو بتانا اور ڈینٹسٹری کے میدان میں مختلف زبانوں کے استعمال کو اجاگر کرنا تھا۔ بھارتیہ بھاشا اتسو کے تعارف کے ساتھ پروگرام گیارہ بجے صبح ڈینٹل کالج میں بنے مریضوں کے ویٹنگ ایریا میں شروع ہوا۔ اس کے بعد دو ہزار انیس کے انٹرن بیچ نے دانتوں سے متعلق بیداری کے فروغ کے مقصد سے’ڈس اپرونگ ڈینٹل متھ‘ کے عنوان سے ایک نکڑ ناٹک پیش کیا۔ دانتوں کی صحت کو برقرار رکھنے سے متعلق عوام کے لیے ایک موثر پیغام کے ساتھ نکڑ ناٹک اختتام پذیر ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:

پروفیسر اقبال حسین جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نئے وائس چانسلر، پروفیسر نجمہ اختر سبکدوش

ڈین، فیکلٹی آف ڈینٹسٹری پروفیسر (ڈاکٹر) کیا سرکار اور محترم فیکلٹی اراکین کے پینل کی موجودگی میں اشتہار سازی کی نمائش ہوئی۔ بشمول ہندی، اردو، پنجابی، گجراتی، ملیالی، راجستھانی، اڑیا اور منی پوری زبانوں میں سولہ تخلیقی اشتہارات پیش کیے گئے جن کا جائزہ لیا گیا۔ اشتہارات میں مختلف لسانی تناظر میں دانتوں کی صحت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا تھا۔

لائبریری ہال میں ریل میکنگ مقابلہ سے ریلز کی نمائش ہوئی۔ دس ریلیں چلائی گئیں جن میں دانتوں کی مجموعی صحت، طب میں اشاراتی زبان کی اہمیت، اورل کینسر سے متعلق بیداری اور ڈینٹل اور میڈیکل کالجوں میں مقامی زبانوں کے نفاذ کو دکھایا اور بتایا گیا تھا۔ موسیقی کے مظاہروں سے فیکلٹی کے تنوع کو دکھایا گیا اور طلبا نے اپنے اپنے تہذیبی گیتوں کو گاکر تہذیبی ثروت مندی میں اضافہ کیا۔

پروگرام کے اختتام سے پہلے پروفیسر (ڈاکٹر) کیا سرکار کا خطبہ ہوا جس میں فیکلٹی میں تہذیبی تنوع کا اعتراف کیا گیا اور بھارتیہ بھاشا اتسو جیسے پروگراموں کی اہمیت بتائی گئی۔ پروگرام کا اختتام مستحق شرکاء کو سرٹیفکیٹ اور میڈل دے کر ہوا۔ ڈینٹسٹری فیکلٹی میں بھارتیہ بھاشا اتسو تقریب انتہائی کامیاب رہی جس میں فیکلٹی کے اندر تہذیبی کثرت اور لسانی ثروت کا فروغ ہوا۔ انتہائی مصروف رکھنے والی سرگرمیوں، بصیرت افروز مقابلے اور تہذیبی مظاہروں نے طلبا، اسٹاف اور فیکلٹی اراکین سبھی کے لیے یکساں طور پر اس پروگرام کو یادگار بنادیا۔

سرکار نے ممتاز تمل شاعر اور مجاہد آزادی مہا کاو چنواسوامی سبرامنیم بھارتی کی سالگرہ کی تقریب کو بھارتیہ بھاشا دیوس (گیارہ دسمبر) کے بطور منانے کی تجویز رکھی تھی۔ بھارتیہ بھاشا اتسو کا آغاز اٹھائیس ستمبر دو ہزار تیئس کو ہوا تھا اور یہ پچھتر دنوں تک چل کر گیارہ دسمبر دو ہزار تیئیس کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس درمیان میں اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھارتیہ زبانوں سے متعلق مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.