ETV Bharat / state

اسرائیلی سفارت خانے کے قریب مشتبہ دھماکے کے ضمن میں مقدمہ درج

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 30, 2023, 10:30 AM IST

Case registered against unknown persons in Israeli embassy blast case قومی دار الحکومت دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب مشتبہ دھماکے کے سلسلہ میں دہلی پولیس نے نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

israeli embassy blast case
israeli embassy blast case

نئی دہلی: دارالحکومت دہلی کے تغلق روڈ تھانہ علاقے میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کے قریب مشتبہ دھماکے کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ 26 دسمبر کی شام دیر گئے یہ مقدمہ تغلق روڈ پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں فی الحال نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے اس کی تصدیق کی ہے۔

اس سے قبل دہلی پولیس نے اسرائیلی سفارت خانے کے قریب مشتبہ دھماکے کے سلسلے میں کوئی مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔ لیکن تین دن کی تحقیقات کے بعد اب پہلی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے علاوہ این آئی اے بھی اس مشتبہ دھماکہ کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اب تک کی گئی تحقیقات کے بعد پولیس نے 10 افراد کے بیانات قلمبند کیے ہیں جنہوں نے دھماکے جیسی آواز سنی تھی یا دھواں جیسی کوئی چیز دیکھی تھی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کے وقت یا اس سے پہلے 12 افراد وہاں موجود تھے جن میں سے ایک شخص انتہائی مشتبہ ہے جو آٹو کے ذریعے اسرائیلی سفارت خانے آیا تھا۔ یہ شخص بھی دھماکے سے کچھ دیر پہلے دوسرے آٹو میں واپس آیا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسیاں اس مشتبہ شخص کو تلاش کررہی ہیں۔ جب دہلی پولیس کی ٹیم نے آٹو ڈرائیور کی شناخت کی اور اس سے پوچھ گچھ کی تو پتہ چلا کہ مشکوک شخص نے جامعہ سے اسرائیل ایمبیسی کے پیچھے پرتھوی راج روڈ پر آنے کے لیے 150 روپے میں آٹو لیا تھا۔ ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ یہ شخص انگریزی میں بات کر رہا تھا۔ پولیس کو تحقیقات کے دوران یہ پتہ چلا کہ آٹو میں آنے والا شخص تقریباً 5 منٹ تک اس مقام پر ٹھہرا تھا اور اس کے بعد دوسرے آٹو میں وہاں سے چلا گیا تھا۔ پولیس نے اب اس پورے راستے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ شروع کردی ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی سفارت خانہ حملے میں گرفتار چاروں طلبا کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں: عدالت

قابل ذکر ہے کہ این ایس جی اور دہلی پولیس کے فارنسک ماہرین نے بھی 27 دسمبر کو جائے واردات سے کئی نمونے لیے تھے۔ اس کی رپورٹ کا بھی انتظار ہے۔ دھماکے کی جگہ کے قریب سے اسرائیلی سفیر کے نام ایک خط ملا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے این آئی اے کی ٹیم کو تعینات کیا گیا ہے۔ جمعہ کو اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے مشتبہ دھماکے کے حوالے سے وزارت خارجہ نے بھی کہا تھا کہ کئی ایجنسیاں اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا تھا کہ 'متعلقہ ایجنسیاں معاملے کی تحقیقات کررہی ہیں، انہیں تحقیقات مکمل کرنے دیں۔' سب کچھ سامنے آجائے گا''۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.