ETV Bharat / state

کشمیر میں دم گھٹنے سے غیر مقامی مزدور کی موت

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 18, 2023, 1:46 PM IST

UP Labourer Dies of Suffocation in Kashmir: اترپردیش کے رہنے والے ایک شخص کی اننت ناگ ضلع میں دوران شب دم گھٹنے سے موت واقع ہوگئی۔

کشمیر میں دم گھٹنے سے غیر مقامی مزدور کی موت
کشمیر میں دم گھٹنے سے غیر مقامی مزدور کی موت

اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں پیر کی صبح ایک غیر مقامی مزدور کی کرائے کے مکان میں دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ریاست اتر پردیش کا رہنے والا ایک باشندہ جس کی شناخت محمد شہباز ولد محمد یوسف کے طور پر ہوئی ہے، کی موت ضلع اننت ناگ کے ٹاک محلہ، بجبہاڑہ میں دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔

اننت ناگ پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ٹیم ٹاک محلہ پہنچی، جہاں شہباز کرائے کے کمرے میں رہ رہا تھا اور اس کی لاش اپنی تحویل میں لیکر طبی و قانونی کارروائی کے لئے ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ منتقل کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی و قانونی لوازمات کو انجام دینے کے بعد ہی میت کو آخری رسومات کی انجام دہی کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔ اس حوالہ سے پولیس نے بھی مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔

مزید پڑھیں: Non local Dies Of Suffocation سوپور میں بظاہر دم گھٹنے سے ایک غیر مقامی شخص ہلاک

واضح رہے کہ سردیوں کے ایام میں لوگ سردیوں سے بچنے کے لئے مختلف آلات کا استعمال کرتے ہیں جن میں گیس، کیروسین یا کوئلے پر چلنے والے گرمی کے مختلف آلات شامل ہیں جبکہ اسکے علاوہ برقی رو سے چلنے والے ہیٹر وغیر بھی استعمال میں لائے جاتے ہیں۔ بعض اوقات ان آلات سے خارج ہونے والے گیس، دھوئیں اور کمرے میں وینٹی لیشن نہ ہونے کے سبب کمرے میں آکسیجن کی مقدار کم جاتی ہے اور نیند میں ہی کمرے میں موجود شخص کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ اس طرح کی مختلف واردات میں وادی کشمیر میں اب تک کئی افراد فوت ہو چکے ہیں جن میں مقامی و غیر مقامی باشندے بھی شامل ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.