ETV Bharat / state

اننت ناگ: گجر پتی کھٹان پورہ میں آنگن واڑی مرکز قائم کرنے کا مطالبہ

author img

By

Published : Feb 26, 2021, 7:51 PM IST

Updated : Feb 26, 2021, 7:56 PM IST

اننت ناگ: گجر پتی کھٹان پورہ کے لوگوں کی فریاد
اننت ناگ: گجر پتی کھٹان پورہ کے لوگوں کی فریاد

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمیں اس لئے نظر انداز کیا جاتا ہے کیونکہ ہم ایک پسماندہ قوم سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہم نے کئی بار اپنے مسائل اجاگر کرنے کی کوشش کی، مختلف دفاتر کے ساتھ ساتھ مقامی سیاسی رہنماؤں کے دروازے بھی کھٹکھٹائے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے رین گجر پتی کھٹان پورہ علاقہ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں آنگن واڑی مرکز مہیا نہ ہونے کی صورت میں علاقے کے بچے سرکاری سہولیات سے محروم ہیں۔

اننت ناگ: گجر پتی کھٹان پورہ کے لوگوں کی فریاد

ملک میں انٹگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز (آئی سی ڈی ایس) پروگرام ایک ایسا محکمہ ہے، جس میں 6 سال سے کم عمر تک کے بچوں کو مفت میں کھانا، پری اسکول کی تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، حفاظتی ٹیکے وغیرہ سہولیات فراہم ہوتی ہیں۔ تاہم رین گجر پتی کھٹان پورہ علاقہ کے بچے ان سبھی چیزوں سے گزشتہ کئی دہائیوں سے محروم ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دور جدید میں ایسا کوئی علاقہ گاؤں یا شہر نہیں جہاں پر آنگن واڑی سینٹر قائم نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جب پوری دنیا کوڈ-19 کی وجہ سے پریشان تھی تو جموں و کشمیر کے تقریباً سبھی آنگن واڑی مراکز پر بچوں کو مختلف اقسام کی چیزیں فراہم کی گئیں، تاہم اس علاقے کے بچوں کو اُن سبھی سہولیات سے محروم رکھا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پہلے تو مذکورہ علاقے میں دیگر بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمیں اس لئے نظر انداز کیا جاتا ہے کیونکہ ہم ایک پسماندہ قوم سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی بار اپنے مسائل اجاگر کرنے کی کوشش کی جبکہ کئی دفاتر کے ساتھ ساتھ مقامی سیاسی رہنماؤں کے دروازے بھی کھٹکھٹائے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کے بچوں کے لیے آنے والی تمام چیزیں خود کے گھر لے جاتے ہیں اور انہیں کوئی پوچھتا بھی نہیں۔'

لوگوں کے مطابق علاقے میں تقریباً 150 سے زائد بچے ہیں، جن کی آج تک کسی نے کوئی معاونت نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک جانب یو ٹی اور مرکزی حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ وہ ملک کے تمام آنگن واڑی مراکز میں بچوں کو کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ پری اسکولنگ بھی کروائی جاتی ہے، تاہم کھٹان پورہ کی گجر پتی کے بچے ابھی بھی ان تمام سہولیات سے محروم ہیں۔

لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہمارے اس دیرینہ مسئلے کو آپ حکام بالا تک پہنچانے میں مدد کریں گے اور ہمیں ہمارا حق دلانے میں بھرپور ساتھ دیں گے۔

ای ٹی وی بھارت نے جب یہ معاملہ آئی سی ڈی ایس کے سیکشن آفیسر مسود احمد شاہ کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ حلقہ برینگ میں تقریباً 317 یونٹ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائندہ نے جس علاقے کی بات کی ہے وہ نیا علاقہ وجود میں آیا ہے۔ ان کے لئے محکمے کی جانب سے سروے کیا جائے گا اور آبادی کے لحاظ سے مذکورہ علاقے کے لئے آنگن واڑی مراکز قائم کئے جائیں گے۔

شاہ کا کہنا ہے کہ جہاں پر بھی محکمے کو لوگوں کی جانب سے مانگ کی جاتی ہے، ہمارا محکمہ ان مقامات کا سروے کر کے لوگوں کی امیدوں کو پوری کرنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ لوگ محکمہ کی جانب سے مختلف اسکیموں سے استفادہ کریں۔

Last Updated :Feb 26, 2021, 7:56 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.